آج پیر کے روز امریکہ میں کولمبس ڈے اور آبائی امریکی باشندوں کا دن منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے جس کا آغاز 1971 میں کیا گیا تھا۔
کولمبس ڈے سن 1492 کے اس دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب کرسٹوفر کولمبس کی قیادت میں اسپین کے تین بحری جہاز ایک جزیرے پر لنگر انداز ہوئے جنہیں اب بہاماز کہا جاتا ہے۔ اس سفر سے یورپ اور ایک نئی دنیا کے درمیان رابطوں کا آغاز ہوا۔
اس دریافت کے نتیجے میں امریکہ اور باقی دنیا کے درمیان خوراک، مویشیوں، پودوں اور افراد کے تبادلے کی بنیاد پڑی اور آنے والے برسوں میں اس تبادلے میں وباؤں کے وائرس بھی سمندر پار دنیاؤں میں منتقل ہونے لگے۔
اسی وجہ سے اس دن کو کولمبس ایکس چینج کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ کئی تاریخ دان 12 اکتوبر 1492 کے دن کو عالمی تاریخ کا ایک اہم ترین دن قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ بہاماز کے جزیرے میں تین چھوٹے بحری جہازوں کی اولین آمد نے آنے والے عشروں اور صدیوں میں دنیا کی تاریخ ہی بدل ڈالی۔
اس مغربی نصف کرہ ارض میں پہلے سے ہی قدیم قبائل آباد تھے جن کے رہن سہن اور زندگی پر سمندری راستوں سے آنے والی یورپی اقوام اثر انداز ہوئیں۔ حالیہ عرصے میں مقامی آبادیوں کی ثقافتوں کو اجاگر کرنے پر توجہ دی جانے لگی ہے، جس میں اس مناسبت سے اہم مواقع کی تعطیلات بھی شامل کی جا رہی ہیں۔
صدر جو بائیڈن نے گزشتہ ہفتے پہلا ایسا صدارتی فرمان جاری کیا جس میں اس پیر کو کولمبس کے ساتھ ساتھ قدیم اور آبائی امریکی باشندوں کا دن بھی قرار دیا گیا ہے۔
صدر بائیڈن نے اس میں لکھا، "آج، ہم ان غلطیوں اور مظالم کی دردناک تاریخ کو بھی تسلیم کرتے ہیں جو مقامی قبائلی قوموں اور مقامی برادریوں پر ان یورپیوں کی جانب سے کیے گئے جو نئی سرزمینیں اور دنیائیں دریافت کرنے کی جستجو میں تھے۔ ایک قوم کے طور پر یہ ہمارا بڑا پن ہے کہ ہم اپنے ماضی کے شرم ناک واقعات کو چھپانے اور دفن کرنے کی کوشش نہیں کرتے، بلکہ ایمانداری سے ان کا سامنا کرتے ہیں۔ ہم ان پر روشنی ڈالتے ہیں اور ان سے نمٹنے کی ہرممکن کوشش کرتے ہیں"۔
شمال مشرقی ریاست اوریگان قدیم اور آبائی امریکیوں کا دن آج پہلی بار منا رہی ہے۔ گزشتہ برس ریاست کے قانون سازوں نے یہ دن منانے کی منظوری دی تھی، جس کے بعد اوریگان اور ساؤتھ ڈکوٹا ان 12 ریاستوں میں شامل ہو گئے ہیں جہاں قدیم امریکیوں کا دن منایا جاتا ہے۔
کولمبس ڈے کے موقع پر نیویارک اور شکاگو میں خصوصی تقریبات ہوتی ہیں جن میں پریڈ خاص طور پر قابل ذکر ہے۔ بڑے پیمانے پر ہونے والی یہ پریڈ گزشتہ سال کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث منسوخ کر دی گئی تھی۔
بوسٹن میں اس موقع پر میراتھن ریس کے انتظامات کیے گئے ہیں جس میں معروف اتھلیٹ حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم، اس میراتھن کا اس دن سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ ریس روایتی طور پر اپریل میں ہوتی ہے لیکن کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا جسے اب منعقد کیا جا رہا ہے۔