پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کے بھارتی پارٹنر روہن بوپنا نے 'یو ایس اوپن' کے مینز ڈبلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
نیویارک میں جاری گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں پاک بھارت جوڑی نے امریکہ کے روبی گن پیری اور رائن ولیمز کو ایک کے مقابلے میں دو سیٹس سے شکست دی۔
ایونٹ کے دوسرے روز کھیلے گئے میچ میں اعصام اور بوپنا نے پہلے سیٹ میں اپنے امریکی حریفوں پر 1-6 سے فتح حاصل کی تاہم انہیں دوسرے سیٹ میں 6-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاک بھارت ایکسپریس نے تیسرے سیٹ میں عمدہ کھیل پیش کیا اور 2-6 سے فتح حاصل کرکے ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
واضح رہے کہ اعصام اور بوپنا کی جوڑی نے گزشتہ برس 'یو ایس اوپن' کے مینزڈبلز کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی تاہم انہیں امریکی بھائیوں مائیک اور باب برائن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اعصام نے 2010ء کے 'یو ایس اوپن' میں چیک ری پبلک کی کھلاڑی ویٹا پیس چیکے کے ہمراہ مسکڈ ڈبلز کا فائنل بھی کھیلا تھا تاہم انہیں اس مقابلے میں بھی شکست ہوئی تھی۔ لیکن اپنی اس کارکردگی کی بدولت اعصام نے کسی بھی گرینڈ سلیم مقابلے کے فائنل تک پہنچنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا تھا۔
دریں اثناء بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا 'یو ایس اوپن' کے پہلے ہی میچ میں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔
خواتین کے سنگلز مقابلوں کے پہلے رائونڈ میں ثانیہ کا مقابلہ اسرائیل کی شاہر پیر سے تھا۔ بھارتی کھلاڑی نے اپنی حریف کو پہلے سیٹ میں 7-6 سے شکست دی تاہم آخر کے دونوں سیٹس میں انہیں 3-6 اور 1-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔