امریکہ نے پاکستان کو آٹھ ایف 16 طیارے فروخت کرنے کی منظوری دی ہے۔
اس سلسلے میں امریکی محکمہٴ خارجہ نے پاکستان کو 69 کروڑ اور 94 لاکھ ڈالر مالیت کے ایف 16 جہاز اور دیگر فوجی ہتھیار فروخت کرنے کی سفارش کی ہے۔
ڈیفنس سکیورٹی ادارے کی جانب سے جاری کردہ ایک اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے نے ضروری تصدیق نامے کے بعد، جمعرات کو اس غیر ملکی فوجی فروخت کی اطلاع امریکی کانگریس کو روانہ کر دی ہے۔
پینٹاگان کا کہنا ہے کہ ’’اسلحے کی مجوزہ فروخت سے پاکستان کے موجودہ اور مستقبل کے سکیورٹی کے خطرات سے نبردآزما ہونے میں مدد ملے گی۔‘‘
ڈیفنس سکیورٹی تعاون کے ادارے کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف 16 کی یہ اضافی کھیپ ہر موسم کے لیے کارآمد ثابت ہو گی۔ جب کہ رات کو استعمال ہونے والے آلات اپنے دفاع کی صلاحیت میں مدد دیں گے،جن کی مدد سے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں پاکستان کی استعداد بڑھے گی۔
بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے آٹھ ایف 16 طیارے، فوجی آلات، تربیت اور لاجسٹک اسلحہ خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی جس کے علاوہ ہتھیاروں میں ریڈار، اور ’جوائنٹ ہیلمٹ ماؤنٹڈ کیوانگ سسٹمز‘ بھی شامل ہیں۔
محکمہٴ خارجہ کے تصدیق نامے میں کہا گیا ہے کہ طیاروں کی تعداد میں اضافے کے نتیجے میں پاکستانی فضائیہ کے پاس اضافی جہاز میسر ہوں گے، جن کی مدد سے ضرورت پڑنے پر پروازوں میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، تربیت کی ضروریات پوری ہو سکیں گی، جب کہ یہ پائلٹوں کی تربیت کے کام میں معاون ہوں گے۔
ضابطوں کی رو سے کانگریس کو 30 دِن کے اندر اقدام کرنا ہوگا۔