امریکہ کی ایک جنوب مغربی ریاست میں حکام نے ایک نیشنل پارک عوام کے لیے بند کر کے اس شخص کی تلاش شروع کردی ہے جس نے اتوار کے روز پارک کے ایک محافظ کو گولی مار کرہلاک کردیاتھا۔
امریکی ریاست واشنگٹن کے ماؤنٹ رینیئر نیشنل پارک کی رینجر مارگریٹ اینڈرسن کو اس وقت گولی مار دی گئی تھی جب اس نے سٹرک پر رکاوٹ کھڑی کرکے ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تھی۔
اینڈرسن نے رکاوٹ اس وقت کھڑی کی تھی جب مذکورہ ڈرائیور ایک اور ناکے پر رینجر کی جانب سے روکنے کی خلاف ورزی کر تے ہوئے اپنی گاڑی بھگا لے گیاتھا۔
حکام کا کہناہے کہ مسلح شخص گولی مارنے کے بعد پیدل جنگل کی طرف فرار ہوگیا۔
مقامی پولیس نے قاتل کی شناخت 24 سالہ شخص بنجمن کالٹن برنز کے طورپر کی ہے جو عراق جنگ کا سابق فوجی ہے۔
پویس کو شبہ ہے کہ برنر اس واقعہ سے چند گھنٹے قبل ہونے والے فائرنگ کے ایک اور واقعہ میں بھی ملوث ہے۔
فائرنگ کے واقعہ کے بعد نیشنل پارک کو فوری طورپر ان سیاحوں سے خالی کرالیا گیا جو وہاں کے سیاحتی مرکز میں رات گذارنے کے لیے ٹہرے ہوئے تھے۔