صدر براک اوباما کی نقالی کرنے والے فنکار کو ری پبلیکنز کی ایک تقریب کے دوران ہتک آمیز مزاح کرنے پر اسٹیج سے ہٹا دیا گیا۔
جنوبی شہر نیو اورلینز میں ری پبلیکن لیڈرشپ کانفرنس میں ریجی براؤن کی معمول کی پرفارمنس کو اُس وقت محدود کر دیا گیا جب اُنھوں نے مسٹر اوباما کی نسلی میراث اور صدارتی انتخابات میں شریک بعض ری پبلیکن امیدواروں کا مذاق اُڑایا۔
افریقی نژاد امریکی فنکار نے ہوٹل کے ہال میں موجود حاضرین کو بتایا کہ مسٹر اوباما کے والد کا تعلق کینیا سے جب کہ اُن کی سفید فام والدہ کا تعلق کنساس سے تھا۔
براؤن نے مذاق میں کہا کہ صدر اوباما امریکہ کے سالانہ تہوار ’بلیک ہسٹری منتھ‘ کو جزوی طور پر مناتے ہیں۔
براؤن نے اُن دعوں کا بھی ذکر کیا جن کے مطابق مسٹر اوباما کی پیدائش امریکہ میں نہیں ہوئی تھی۔ نقال نے مذاق میں کہا کہ مسٹر اوباما امریکہ کی ریاست ہوائی میں پیدا ہوئے جسے قدامت پسند ’ٹی پارٹی‘ کے اراکین کینیا کہتے ہیں۔
اپریل میں وائٹ ہاؤس نے صدر اوباما کی پیدائش کا سرٹیفکیٹ جاری کیا تھا جس کے مطابق مسٹر اوباما 1961ء میں ہوائی میں پیدا ہوئے۔
براؤن نے سابق ڈیموکریٹ رکن کانگریس اینتھونی وینر کی فحش تصاویر بھی حاضرین محفل کو دیکھائیں۔ وینر نے انٹر نیٹ پر جنسی اسکینڈل میں ملوث ہونے کے بعد جمعرات کو امریکی ایوان نمائندگان سے استعفی دے دیا تھا۔
وینر نے اعتراف کیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران اُنھوں نے کم از کم چھ خواتین کو انٹرنیٹ پر نامناسب تصاویر اور پیغامات بھیجے تھے۔