امریکہ کی ریاست مزوری کے علاقے فرگوسن اور اس کے گرد و نواح میں گرینڈ جیوری کے حالیہ فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے والے اپنے مظاہروں کو بڑے اسٹورز کے سامنے لے گئے ہیں۔
گرینڈ جیوری نے رواں ہفتے ایک سیاہ فام نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کرنے والے سفید فام پولیس افسر پر یہ کہہ کر مقدمہ نہ چلانے کا فیصلہ دیا تھا کہ اہلکار نے قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی۔
درجنوں افراد نے جمعرات سے تھینکس گوونگ کی شروع ہونے والی تعطیل کے موقع پر والمارٹ اور ٹارگٹ اسٹورز کے سامنے جمع ہوئے اور یہ اجتماع جمعہ کی صبح تک بھی وہیں جاری رہا۔
یہ افراد "ہاتھ اٹھاؤ، گولی نہ چلاؤ" کے نعرے لگا رہے تھے۔
تھینکس گوونگ کے بعد کرسمس کی روایتی شاپنگ کا آغاز ہو جاتا ہے اور اس موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد خصوصی پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے ان بڑے اسٹورز کا رخ کرتی ہے۔
گزشتہ دو راتوں تک جاری رہنے والے مظاہروں اور ہنگاموں کے بعد فرگوسن میں حالات نسبتاً پرامن ہیں۔ اس کے قریبی علاقے سینٹ لوئس سے بہت سے لوگ کئی روز سے جاری مظاہروں سے نتیجے میں علاقے میں مخدوش چیزوں اور دیگر گندگی کو صاف کرنے کے لیے آئے۔
گرینڈ جیوری کے خلاف امریکہ کے بعض دیگر علاقوں میں بھی مظاہرے دیکھنے میں آئے۔ نیویارک میں تھینکس گوونگ کی روایتی پریڈ میں خلل ڈالنے والے تقریباً سات افراد کو پولیس نے حراست میں لیا۔ یہ لوگ جیوری کے فیصلے کے خلاف یہاں احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے تھے۔