امریکی محکمہ خارجہ نے پیر کے روز کہا کہ اختتام ہفتہ اسرائیل پر حماس کے حملوں میں کم از کم 9 امریکی ہلاک ہو ئے ہیں جس سے امریکیوں کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ گئی ہے جو پہلے چار بتائی جا رہی تھی۔
محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی شہریوں کی ایک غیر متعین تعداد بدستور لا پتہ ہے۔ اتوار کے روز ایک عہدےدار نے کہا تھا کہ مرنے والے امریکیوں کی تعداد چھ سے 12 کے درمیان تھی ۔ یہ واضح نہیں ہے کہ آیا لاپتہ افراد کو یرغمال بنایا گیا ہے ، ہلاک کیا گیا ہے یا وہ روپوش ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ محکمہ خاندانوں کے ساتھ رابطے میں ہے اور انہیں تمام مناسب سفارتی معاونت فراہم کر رہا ہے۔
حماس کے حملوں میں دونوں جانب کے ایک ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اتوار کے روز کہا کہ انہوں نے فورڈ کیرئیر اسٹرائک گروپ کو اسرائیل کی معاونت کے لیے تیار رہنے کے لیے مشرقی بحیرہ روم جانے کا حکم دے دیا ہے ۔
امریکی بحریہ کے سب سے نئے اور جدید ترین طیارہ بردار بحری جہاز ، یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈمیں اس کے عملے کےلگ بھگ 5 ہزار ارکان اور جنگی طیاروں اور تباہ کن بحری جہازوں کا ایک بیڑہ موجود ہو گا، جن کا مقصد طاقت اور اس بات کا اظہار کرنا ہے وہ کسی بھی صورت حال پر رد عمل کے لیے تیار ہیں ۔
اس رد عمل میں ممکنہ طور پر حماس تک اضافی ہتھیاروں کو پہنچنے سے روکنے سے لے کر نگرانی کرنا تک شامل ہو سکتے ہیں۔
بڑے پیمانے پر یہ تعیناتی امریکہ کی اس خواہش کی عکاس ہے کہ وہ خطے میں تنازعے کے کسی پھیلاؤ کو روکنا چاہتا ہے ۔ لیکن اسرائیلی حکومت نے اتوار کے روز جنگ کا باضابطہ اعلان کر دیا اور حماس کے خلاف انتقامی کارروائی کے لیے اہم فوجی اقدام کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے ۔
امریکہ اپنے بحری بیڑے فورڈ کے ساتھ ، کروزر یو ایس ایس نارمنڈی اور ڈسٹرائر یو ایس ایس تھامس ہڈنر، یو ایس ایس رامیج، یو ایس ایس کارنی، اور یو ایس ایس روزویلٹ بھیج رہا ہے، اور اور وہ علاقے میں امریکی فضائیہ کے ایف ۔35 ، ایف 15، ایف ۔16 اور اے ۔10 فائٹر ائیر کرافٹ اسکواڈرنز کا اضافہ کر رہا ہے ۔
آسٹن نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ ضر ورت پڑنے پر اس قسم کی مزاحمت کو مزید تقویت دینے کے لیے عالمی سطح پر تیار فورسز کو بر قرار رکھتا ہے ۔
Your browser doesn’t support HTML5
آسٹن نے کہا کہ اس کے علاوہ ، بائیڈن انتظامیہ دفاع سے متعلق اسرائیل کی فورسز کو اسلحے سمیت اضافی ساز و سامان اور وسائل تیزی سے فراہم کرے گی۔ سیکیورٹی کی پہلی معاونت بھیجنے کا سلسلہ آج سے شروع ہو جائے گا اور آئندہ دنوں میں وہاں پہنچنے لگے گا۔
ورجینیا میں قائم کیرئیر اسٹرائک گروپ ، نارفوک پہلے ہی بحیرہ روم میں موجود تھا۔ گزشتہ ہفتے وہ بحیرہ روم کی خلیج آیونین میں اٹلی کے ساتھ بحری مشقیں کر رہا تھا۔
پینٹگان اور امریکی محکمہ خارجہ کے سینئیر عہدے دارو ں نے اتوار کی رات سینیٹرز کو بریفنگ دی اور اکثریتی لیڈر چک شومر نے کہا کہ انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ امریکہ اسرائیل کو ہر وہ چیز دے رہا ہے جس کی اسے ضرورت ہے۔
( اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔)