وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے منگل کے روز کہا ہے کہ امریکہ کو یقین ہے کہ ایران آخرِ کار امریکہ کے پانچ شہریوں کو آزاد کر دے گا۔ تاہم انہوں نے اس کی مزید تفصیل نہیں بتائی۔
10اگست کو ایران نے جیل میں بند چار امریکیوں کو نکال کر گھر میں نظر بند کر دیا تھا جہاں وہ ایک پانچویں امریکی سے ملے جو پہلے ہی گھر میں نظر بند تھا۔
اس عمل کو ایران کے ساتھ ایک معاہدے کے لیے پہلے اقدام کے طور پر دیکھا گیا جس کے تحت جنوبی کوریا میں ایران کے منجمد 6 ارب ڈالر وا گزار کیے جائیں گے اوریہ پانچ امریکی آخرِ کار اپنے وطن واپس آجائیں گے۔
SEE ALSO: ایران تبادلے کے معاہدے میں پانچ امریکی قیدی رہا کرے گامائیک سلیون نے نامہ نگاروں کے ساتھ ایک کانفرنس کال کے ذریعے بات کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایران کے ساتھ جو طے ہوا ہے معاملات اس کے مطابق آگے بڑھتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا،" میرے پاس کوئی باقاعدہ نظام الاوقات نہیں ہے کیونکہ کچھ اقدامات ایسے ہیں جن کا ظاہر ہونا ابھی باقی ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ یہ سب صحیح سمت میں چلتا رہے گا۔ "
پیر کے روز ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ ایران میں قید امریکیوں کی رہائی میں دو ماہ لگ سکتے ہیں۔
کنعانی کا کہنا تھا کہ، "متعلقہ حکام کی طرف سے ایک مخصوص ٹائم فریم کا اعلان کیا گیا ہے، اور اس عمل کو مکمل ہونے میں زیادہ سے زیادہ دو مہینے لگ سکتے ہیں۔
جنوبی کوریا کے ذرائع ابلاغ نے پیر کے روز بتایا کہ جنوبی کوریا میں منجمد کیے جانے والے ایرانی اثاثے ایران منتقل کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے سوئٹزرلینڈ کے مرکزی بینک میں منتقل کر دیے گئے تھے۔
Your browser doesn’t support HTML5
ایران نے کہا ہے کہ تبادلے کے اس معاہدے کے تحت واشنگٹن امریکی جیلوں سے کچھ ایرانیوں کو بھی رہا کرے گا۔
اگر ان پانچ امریکیوں کو ایران سے چلے جانے کی اجازت دے دی جاتی ہے، جس میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں، تو امریکہ اور ایران کے درمیان تنازعے کا بڑا سبب دور ہو جائے گا جبکہ ایران کے ایٹمی پروگرام اور خطے میں شیعہ ملیشیاؤں کے لیے ایران کی حمایت کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی رہتی ہے۔
وہ ایرانی امریکی جنہیں دس اگست کو ایران کی اوین جیل سے نکال کر گھر میں نظر بند کیا گیا ان میں اکیاون سالہ بزنس مین سیامک نمازی، اٹھاون سالہ عماد شرگی اور 67سالہ مراد تہباز شامل ہیں۔ مراد کے پاس برطانیہ کی شہریت بھی ہے۔
جیل سے نکالے جانے والے چوتھے امریکی اور پہلے سے گھر میں نظر بند امریکی شہری کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
( اس خبر میں مواد رائٹرز سے لیا گیا)