تائیوان کے شہریوں کے لیے امریکی ویزا کی شرط ختم

تائیوان کا پاسپورٹ (فائل فوٹو)

امریکہ نے تائیوان کے باشندوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ پالیسی یکم نومبر سے نافذالعمل ہوگی جس کے تحت امریکہ کا سفر کرنے کے خواہش مند تائیوانی بغیر ویزے کے ملک میں داخل ہوکر 90 دن تک قیام کرسکیں گے۔

امریکہ نے یہ رعایت 36 ملکوں کے دے رکھی ہے جن میں چین شامل نہیں۔

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس اور وزارت خارجہ کے عہدے داروں نے منگل کو اس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ امریکہ اور تائیوان کے درمیان قریبی تعلقات فروغ دینے کا تسلسل ہے۔

گزشتہ سال دو لاکھ سے زائد تائیوانیوں نے امریکہ کا سفر کیا اور ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر نپولیٹانو نے توقع ظاہر کی ہے کہ ویزا کی شرط ختم ہونے سے اس تعداد میں اضافہ ہوگا۔

تائیوان کی پارلیمان نے دو ماہ قبل امریکہ سے گوشت کی درآمد پر پابندی اُٹھا لی تھی۔

امریکہ نے تائیوان کے ساتھ قریبی روابط استوار کررکھے ہیں اور وہ اُسے اسلحہ فروخت کرنے والا ایک بڑا ملک بھی ہے۔