امریکہ کی خفیہ سروس نے کہا ہے کہ معروف امریکی نیوز چینل 'فوکس نیوز' کے ٹویٹر اکاؤنٹ کی ہیکنگ کے واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں جس پر صدر براک اوباما کی موت کے جھوٹے پیغامات پوسٹ کردیے گئے تھے۔
امریکی صدر کی حفاظت پر معمور 'سیکرٹ سروس' کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے کے اہلکار معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔
پیر کے روز نامعلوم افراد نے فوکس نیوز کی ٹویٹر فیڈ ہیک کرلی تھی اور اس پر صدر اوباما کے موت کے بارے میں چھ جھوٹے پیغامات پوسٹ کردیے تھے۔
بعد ازاں فوکس نیوز نے ایک بیان میں واقعہ پر معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ رپورٹس جھوٹی اور بد نیتی پر مبنی تھیں۔ واقعہ کے بعد فوکس نے فیڈ کو معطل کردیا تھا اور ٹویٹر کمپنی سے معاملہ کی تحقیقات کرنے کی درخواست کی تھی۔
مذکورہ ٹویٹ پیغامات پیر کی صبح پوسٹ ہونا شروع ہوئے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ ریاست آئیوا میں ایک ریستوران میں انتخابی مہم کے دوران صدر اوباما کو دو بار گولیاں ماری گئیں جن سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔ بعد ازاں فوکس نے اس بات کی تصدیق کی کہ صدر اوباما پروگرام کے مطابق واشنگٹن میں امریکی یوم آزادی منارہے تھے۔
'اسکرپٹ کڈیز' نامی ایک غیر معروف ہیکنگ گروپ نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔