روس حلب میں امداد کی رسائی میں تعاون کرے، امریکہ

اوباما انتظامیہ نے روس کو متنبہ کیا ہے کہ اگر حلب اور دیگر محصور علاقوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد نہیں پہنچائی جاتی تو اُن کا شام میں فوجی تعاون آگے نہیں بڑھ سکتا،۔

محکمہٴ خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف کو بتایا کہ امریکہ کو ’’انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی جانے والی امداد کی تقسیم میں بار بار کی تاخیر قابلِ قبول نہیں اور زور دے کر کہا کہ امریکہ کو توقع ہے کہ روس اسد حکومت پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ امدادی رسد تقسیم کی جاسکے‘‘۔

اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے امور کے دفتر کے ترجمان نے کہا ہےکہ ترکی اور شام کی سرحد کے درمیان 40 ٹرک آگے جانے کے منتظر ہیں اور حکام کو بتایا گیا ہے کہ وہ ملک میں بحفاظت داخل ہو سکتے۔

دریں اثنا، امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ شام میں امریکی افواج نے شمالی شامی علاقے مین ترک افواج کے ساتھ مل کر کام کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ داعش کا مقابلہ کیا جا سکے۔

ایک امریکی اہل کار نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ امریکی خصوصی افواج کا ایک دستہ الرائی کے علاقے میں ترک افواج کے ہمراہ کارروائی میں مصروف ہے، جن کی کوشش ہے کہ جنوب اور مشرقی علاقے میں داعش کے زیر قبضہ دبیق کے قصبے کی جانب پیش قدمی کی جائے۔ دبیق کو ایک اہم خطہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں سے انتہا پسند دہشت گرد گروپ سے نمٹا جائے گا۔