امریکہ میں سمندری طوفان ’آئرین‘ سے ہونے والے تباہی اور نقصانات کے بعد بحالی کا کام ابھی جاری ہے کہ بحرِ اوقیانوس میں ایک اور طوفان نے جنم لے لیا ہے جو ماہرین کے مطابق بدھ کی شب تک شدت اختیار کر سکتا ہے۔
نئے طوفان کو ’کاٹیا‘ کا نام دیا گیا ہے۔ بحرِ اوقیانوس میں مغرب کی جانب 33 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھنے کے دوران طوفان کی شدت میں معمولی کمی آئی ہے تاہم طوفان کے ہمراہ چلنے والی ہوائوں کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
موسمیاتی اداروں نے طوفان کے خطرے سے متعلق تاحال کوئی انتباہ جاری نہیں کیا ہے۔ امریکہ کے ’نیشنل ہریکین سینٹر‘ سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ تاحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ بحرِ اوقیانوس میں جنم لینے والا یہ طوفان کس سمت میں آگے بڑھے گا۔
ماہرین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ’کاٹیا‘ بدھ کی شب تک طوفان کی شدت ناپنے کے پانچ درجوں کے اسکیل پر تیسرے درجے کے طوفان کی شکل اختیار کر لے گا اور اتوار تک کیریبن کے لی وارڈ جزائر تک پہنچے گا۔
نیشنل ہریکین سینٹر کا کہنا ہے کہ ستمبر کا آغاز سمندری طوفانوں کے جنم لینے کا موسم ہے۔ ماہرین پہلے ہی پیش گوئی کر چکے ہیں کہ 2011ء میں طوفانوں کے جنم لینے کا یہ عرصہ خاصا سرگرم گزرے گا اور اس دوران 8 سے 10 سمندری طوفان متوقع ہیں۔
ایک اوسط طوفانی موسم میں زیادہ سے زیادہ آٹھ سمندری طوفان جنم لیتے ہیں۔