امریکی وزیر خزانہ ٹموتھی گائٹنر نے صدر براک اوباما سے کہاہے کہ وہ اقتصادی بحران اور کچھ ری پبلکنز کی جانب سے استعفےپر دباؤ کے باوجود اپنے عہدے پر قائم رہیں گے ۔
امریکی محکمہ خزانے نے اتوار کےروز کہا کہ مسٹر گائٹنر ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تیا رہیں ۔ وہائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ صدر اوباما مسٹر گائٹنر کے اپنے عہدے پر بر قرار رہنے پر خوش ہیں ۔
مسٹر گائٹنرنے اس سال کے شروع میں وہائٹ ہاؤس کو بتایا تھا کہ وہ قرض کی حد میں اضافے کی بحث کے خاتمے پر اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے پر غور کر رہے ہیں ۔
ری پبلیکن سینیٹر رینڈ پاؤ اور کانگریس کی رکن اور ری پبلیکن صدارتی امیدوار مشیل بچ مین ، دونوں نے اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز کی جانب سے امریکی کریڈٹ ریٹنگ میں جمعے کے روز ٹرپل اے سے کم کردینے کے بعد امریکی وزیرخزانہ کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
کچھ ماہرین کو خدشہ ہے کہ کریڈٹ ریٹنگ کم ہونے کے بعد، پیر کے روز جب امریکی اسٹاک مارکیٹیں دوبارہ کھلیں گی توان پر اس اقدام کے منفی اثرات پڑیں گے۔
ایس اینڈ پی کے ڈائریکٹر جان چیمبر نے کہاہے کہ ایسا امکان تین میں سے صرف ایک ہے کہ اگلے دوسال میں امریکی کریڈٹ ریٹنگ میں مزید کمی ہو۔