امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) اور پاکستان کی وزارت خزانہ نے معاشی اور سیاسی اصلاحات سے متعلق شراکت داری جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے منگل کو جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ توسیع شراکتی معاہدے (پاکستان انہانسڈ پارٹنرشپ ایگریمنٹ) کے تحت ایک نئی ترین ترمیم پر 16 ستمبر کو دستخط کیے گئے۔
بیان کے مطابق اس دستاویز کے تحت امریکی حکومت پاکستان کو ترقیاتی معاونت فراہم کرتی ہے۔
سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس معاہدے کے تحت پاکستان کو ترقی کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچے میں بہتری، معاشی مواقع بڑھانے اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی اعانت کی جاتی ہے۔
اس معاہدے کے تحت امریکہ پاکستان میں معاشی و سیاسی اصلاحات کے نفاذ کے اقدامات کے لیے اضافی 40 کروڑ 70 لاکھ ڈالرفراہم کرتا ہے۔
امریکی سفارت خانے کے بیان کے مطابق گزشتہ ایک عشرے کے دوران امریکہ نے ترقیاتی کاموں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے لیے ’یو ایس ایڈ‘ کے ذریعے پاکستان کو تقریباً 7 ارب 70 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ فراہم کی ہے، جس کے باعث پاکستان کا شمار امریکہ سے سب سے زیادہ غیر ملکی امداد حاصل کرنے والے ملکوں میں ہوتا ہے۔
بیان کے مطابق ترقی کے لیے جاری شراکت کی تجدید کے معاہدے کے تحت ’یو ایس ایڈ‘ کے پروگرام پاکستانی حکومت کی مشاورت سے تیار کیے گئے ہیں۔