انسانی حقوق کی تنظیموں اور دیگر افراد نے کہا ہے کہ ویتنام کے ایک اہم سیاسی قیدی طبی بنیادوں پر ضمانت ختم ہونے کے محض چند ہفتوں بعد ہی جیل میں انتقال کر گئے ہیں۔
حقوق انسانی کی عالمی تنظیم ’ہیومن رائٹس واچ‘ اور دوسرے اداروں کا کہنا ہے کہ ٹرونگ وان سونگ کی موت ہنوئی کے مضافات میں قائم قید خانے میں پیر کی شب عارضہِ قلب کی وجہ سے ہوئی۔
سونگ جنوبی ویتنام کی فوج میں افسر رہ چکے ہیں۔ اُنھیں جنگ کے خاتمے کے بعد قائم ہونے والی ویتنام کی کمیونسٹ حکومت کا تختہ اُلٹنے کی ناکام کوشش میں کردار ادا کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی جس کے تحت وہ گزشتہ 33 سال سے جیل میں بند تھے۔
اُنھیں جولائی 2010ء میں دل کی تکلیف کے باعث ضمانت پر گھر بھیج دیا گیا تھا لیکن رواں سال 19 اگست کو دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ سونگ کی عمر 68 برس تھی۔