لاپتا امریکی کان کنوں کی تلاش جاری

امریکی ریاست ویسٹ ورجینیا میں کوئلے کی کان میں پھنسے ہوئے چار کان کنوں کی تلاش جاری ہے۔ اس کان میں پیر کے روز 25 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ریاست کے گورنر جو مینچن نے جمعرات کے روز نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ 32 امدادی کارکن گیس ماسک چڑھائے ہوئے کان کے اندر جا رہے ہیں۔ یہ کان کے اندر تقریباً آٹھ کلومیٹر کا سفر طے کر کے اس چیمبر تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں خیال ہے کہ کان کن پھنسے ہوئے ہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ کان کن تین سو میٹر زیرِ زمین اسی جگہ کے آس پاس ہیں جہاں سے دوسرے کان کنوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ حکام امید کر رہے ہیں کہ یہ کان کن ممکنہ طور پر ابتدائی دھماکے میں محفوظ رہے ہوں گے اور ہنگامی بچاؤ کے چیمبر تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہوں گے۔

منگل کے روز کان میں میتھین اور کاربن مونو آکسائیڈ گیسوں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں رخنہ پڑا تھا۔