عالمی ادارہٴصحت کا کہنا ہے کہ ایبولہ وائرس کے باعث مغربی افریقہ میں مزید 84 افراد ہلاک ہوگئے ہیں، اور اس وبا کے نتیجے میں، اب تک اموات کی کُل تعداد بڑھ کر 1229 ہوگئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت نے منگل کے روز اعلان کیا کہ اس بیماری کے تصدیق شدہ اور ممکنہ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 2240 ہو چکی ہے، جس میں گذشتہ ہفتے اِس بیماری میں مبتلہ ہونے والے 113 نئے مریض شامل ہیں۔
اِن میں سے زیادہ تر نئی اموات لائیبریا میں واقع ہوئیں، جہاں اہل کاروں کی یہ کوشش رہی ہے کہ اس وائرس پر کنٹرول کیا جائے۔
لائبیریا کی حکومت نے کہا ہے کہ ایبولہ کے مشتبہ37مریضوں پر نگاہ رکھی جارہی ہے، جو دارالحکومت، مونروویا میں قائم متعدی امراض میں مبتلہ مریضوں کے علیحدہ شفا خانے سے بھاگ نکلے تھے۔ اِس کی وجہ اتوار کے روز مسلح افراد کی طرف سے اُن پر کیا جانے والا حملہ اور لوٹ مار کی کوشش تھی۔
وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ قریبی مکینوں کے اندر ’غلط فہمی‘کا عنصر پایا جاتا ہے، جن کا خیال تھا کہ ملک بھر کے ایبولہ کے متاثرین کو وہاں لاکر داخل کیا جا رہا ہے۔
اس اندیشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ اِس واقع کے نتیجے میں، یہ بیماری وسیع علاقے میں پھیل سکتی ہے۔