وارم اپ میچ ، پاکستان کی بنگلادیش کے خلاف پہلی کامیابی

ایک موقع پر پاکستان کی شکست یقینی نظر آرہی تھی لیکن فہیم اشرف اور حسن علی نے نویں وکٹ کی شراکت میں صرف 43 گیندوں پر 93رنز بنا کر ٹیم بنگال ٹائیگرز کے منہ سے جیت چھین لی۔

چیمپئنز ٹرافی کے وارم اپ میچ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے بنگلادیش کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا۔ فہیم اشرف نے مشکل وقت میں دھواں دار 64 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ایجبسٹن میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کو جلد ہی پہلی کامیابی سومیا سرکار کی وکٹ کی صورت میں ملی جو 19 رنز بناکر جنید خان کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اگلی وکٹ کا حصول پاکستانی بولرز کے لئے خواب بن کر رہ گیا اور تمیم اقبال اور امرالقیس نے بولرز کی جم کر دھلائی کی۔ دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 142 رنز بناکر ٹیم کو پوزیشن کو مستحکم کردیا۔ اس موقع پر امرالقیس 61 رنز کی اننگز کھیل کرشاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

تمیم اقبال نے مشفق الرحیم کے ساتھ مل کر ایک بار پھر اننگز کو آگے بڑھایا۔ اس مرتبہ بھی بولرز کو وکٹ لینے کیلئے جان لڑانی پڑی اور دونوں بیٹسمینوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 50 رنز بنا ڈالے اور تقریباً 7 رنز کی اوسط سے 33 اوورز میں اسکور 219 تک پہنچا دیا۔ تمیم اقبال 102 رنز کی شاندار اننگز کھیل کو مشفق الرحیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

مشفق الرحیم 46، شکیب الحسن 23، محمود اللہ 29، مصدق حسین 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یوں بنگلادیش نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنالئے۔

پاکستان کی طرف سے جنید خان نے 9 اوورز میں 73 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی اور شاداب خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 19 رنز پر اظہر علی اور بابر اعظم بالترتیب 4 اور ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔

احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 59 رنز جوڑ کر ٹیم کو کسی حد تک مشکل سے نکالا، اس موقع پر احمد شہزاد 44 رنز بناکر شکیب الحسن کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

محمد حفیظ نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر اننگز آگے بڑھائی، دونوں بیٹسمینوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کوئی گنوائے اسکور 157 رنزتک پہنچادیا،محمد حفیظ 49 رنز بناکر شفیع الاسلام کی گیند پر امرلقیس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔شعیب ملک 72 اور عماد وسیم 45 اور کپتان سرفراز احمد صرف 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر پاکستان کی شکست یقینی نظر آرہی تھی لیکن فہیم اشرف اور حسن علی نے نویں وکٹ کی شراکت میں صرف 43 گیندوں پر 93 رنز بناکر ٹیم بنگال ٹائیگرز کے منہ سے جیت چھین لی۔ فہیم اشرف نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے صرف 30 گیندوں پر ناقابل شکست 64 رنز بنائے۔ حسن علی نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور بغیر آؤٹ ہوئے صرف 15 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔

یوں پاکستان نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد49 اعشاریہ 3 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بناکر میچ 2 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔