بازار حصص میں وارنر میوزک کے ایک اعشاریہ نو ارب ڈالر کے شیئر

وارنر میوزک گروپ کارپوریشن نے بدھ کے روز کہا ہے کہ وہ سن 2020ء میں اب تک سب سے زیادہ مالیت، یعنی ایک اعشاریہ ترانوے ارب ڈالر کے حصص منڈی میں لائے ہیں، اور یہ یو ایس انیشئیل پبلک آفرنگ (آئی پی او) میں لائے گئے ہیں، یعنی ایک عام آدمی بھی انہیں خرید سکتا ہے۔

کرونا وائرس سے پھیلنے والی عالمی وبا کی وجہ سے سٹاک کی قیمتوں میں مندی دیکھنے میں آئی تھی۔ اور اب وارنر گروپ کے اس اقدام کو امریکہ کی آئی پی او مارکیٹ کی بحالی کا ایک اور اشارہ خیال کیا جا رہا ہے۔

وارنر گروپ کے سربراہ سٹیفن کوپر نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ہم نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ منڈی میں تحرک پیدا ہوا ہے۔ ہمیں یہ وقت بہت ہی اچھا لگا، بجائے اس کے کہ ہم کسی اور بہتر وقت کا انتظار کرتے۔

کمپنی 77 ملین کے کلاس اے شیئر کی آفر لیکر آئی ہے۔ ایک شیئر کی قیمت پچیس ڈالر ہے، اور ان کی کل مالیت بارہ اعشاریہ پچھتر ارب ڈالر ہو گی۔ ابتدا میں کمپنی ستر ملین شیئر لیکر آنا چاہتی تھی، اور فی شیئر تئیس سے لیکر چھبیس ڈالر کی رینج میں فروخت کرنا چاہتی تھی۔

وارنر میوزک کے حصص کی اکثریت ارب پتی، لین بلاواتنک کی ایکسس انڈسٹریز کے پاس ہیں۔

وارنر گروپ نے منڈی میں حصص لانے کو نسلی مساوات کیلئے منعقد کی جانے والی #بلیک آؤٹ ٹیوزڈے، نامی مہم کی حمایت میں ایک دن کیلئے موخر کر دیا تھا۔

وارنر گروپ نے ماہِ اپریل میں اپنے میوزک کی فروخت میں بارہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔

میوزک انڈسٹری، بہرحال وسیع تر معیشت میں کمزوری کے حوالے سے زیادہ لچکدار نظر آ رہی ہے، گو کہ وارنر گروپ نے متنبہ کیا ہے کہ عالمی وبا کی وجہ سے اس کی نئی ریکارڈنگ، فلمیں اور ٹیلی وژن پروگرام متعارف کرانے میں تا خیر پیدا ہوئی، جس سے اس کی آمدن متاثر ہوئی ہے۔

آج بدھ کی شام، وارنر گروپ ڈبلیو ایم جی کے بینر تلے، نصدق میں ٹریڈنگ کا آغاز کرے گا۔