باکس آفس رپورٹ: 2 نئی فلمیں ریلیز، ’رجو‘ فلاپ ہوگئی

جمعہ بھارتی فلموں کے ’احتساب‘ کا دن ہوتا ہے۔آج کرینہ کپور، عمران خان اور سنی دیول کی فلمیں ریلیز ہوگئیں، جبکہ ’رجو‘ بری طرح فلاپ رہی۔’رام لیلا‘ اور’کرش 3‘ اب بھی ہاوٴس فل
بالی ووڈ نگری کی دو بڑی فلمیں جمعے کو ریلیز ہوگئیں۔ ایک تو وہی ہے جس کے چرچے کافی دنوں سے سنے جا رہے تھے، یعنی عمران خان اور کرینہ کپور کی ’گوری تیرے پیار میں‘ اور دوسری سنی دیول کی ’سنگھ صاحب دی گریٹ۔‘

دونوں فلموں کا آپس میں تو مقابلہ ہے ہی، پچھلے ہفتے ریلیز ہونے اور کامیابی کے ساتھ دکھائی جانے والی فلم ’رام لیلا‘ بھی ان کے مقابلے پر ہے کیوں فلم ابھی تک رش لے رہی ہے اور صرف ایک ہفتے میں 50 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرچکی ہے۔

کنگنا راناوت کی فلم ’رجو‘ بھی پچھلے ہی ہفتے ریلیز ہوئی تھی۔ لیکن، فلم کا ایک ہفتے میں ہی برا حال ہوگیا۔ ’گلیم شیم ڈاٹ کام‘ کے مطابق، فلم نے ہفتے بھر میں مشکل سے دو کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔ فلم بینوں کا کہنا ہے کہ انہیں مایوسی ہوئی۔

رام گوپال ورما کی فلم ’ستیہ ٹو‘ ان کی اب تک پیش کی جانے والی فلموں کے مقابلے میں باکس آفس پر کمزور پڑگئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ’اف اٹ از ٹو مچ‘ بھی بری طرح پٹ گئی ہے۔

پریانکا چوپڑا، رہتک روشن اور وویک اوبرائے کی ’کرش تھری‘ پہلے ہفتے میں کروڑوں کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی مگر دوسرے ہفتے یہ کچھ خاص نہیں کرسکی۔ اب تک فلم نے مجموعی طور پرایک ارب 77کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔ ان اعداد و شمار کو بغور دیکھیں تو ’کرش تھری‘ ریکارڈ بزنس کرنے والی فلم ہے۔