زمین پر پانی کہاں سے آیا؟

فائل فوٹو

فائل فوٹو

زمین کی سطح کے تقریباً 70 فی صد حصے پر پانی پھیلا ہوا ہے جو زمین پر موجود زندگی کے لیے بہت اہم ہے۔ مگر یہ پانی زمین پر آیا کہاں سے؟ سائنس دان برسوں سے اس پر بحث کرتے آئے ہیں۔

حال ہی میں فرانسیسی سائنس دانوں کی ایک ٹیم اس گتھی کو سلجھانے کے بہت قریب پہنچ گئی ہے اور انہوں نے ان خلائی پتھروں کی نشان دہی کر لی ہے جو زمین پر پانی لانے کا باعث بنے ہیں۔

کچھ سائنس دانوں کا خیال ہے کہ زمین پر پانی اس وقت سے موجود ہے جب سے یہ وجود میں آئی تھی۔

کوسمو کیمسٹ پیانی جو اس تحقیق کے سربراہ ہیں، اُنہوں نے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ ان کی تحقیق کے نتائج اس نظریے کی تائید کرتے ہیں کہ زمین پر پانی شہابیے اور دم دار ستارے لائے تھے۔

زمین کی ارتقا سے متعلق سائنسی ماڈلز یہ کہتے ہیں کہ جب زمین بنی تو اس وقت وہ گرد اور گیسوں کی ایک پلیٹ نما گول چیز کی ماند تھی جو سورج کے گرد گھوم رہی تھی۔ چنانچہ یہ قیاس آرائی کی جاتی تھی کہ اس میں برف بھی موجود ہو سکتی ہے۔

اس ماڈل کے تحت مریخ، زہرہ اور عطارد کے سوکھے ہونے کی وجہ تو سمجھ میں آتی ہے مگر زمین پر پانی کی موجودگی اس ماڈل پر پوری نہیں اترتی۔

اس کے پیشِ نظر سائنس دانوں کا خیال تھا کہ پانی شاید بہت بعد میں شہاب ثاقب اور دم دار ستاروں کے زمین سے ٹکراؤ کی وجہ سے یہاں پہنچا۔

مگر اس ماڈل میں مشکل یہ تھی کہ شہابیوں اور دم دار ستاروں کی کیمیائی تشکیل زمین پر موجود پتھروں سے نہیں ملتی۔

لیکن بعض شہاب ثاقب کے پتھروں کی کیمیائی تشکیل زمین سے ملتی جلتی ہے اور ان میں آکسیجن، ٹائٹینیم اور کیلشیم کے آئسو ٹوپ بھی موجود ہوتے ہیں۔ اس لیے اب یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ زمین اور دوسرے سیاروں کی تشکیل میں ان پتھروں نے مددگار کا کردار ادا کیا ہو۔

مگر چونکہ یہ پتھر سورج کے بہت قریب گردش کرتے ہیں، اس لیے خیال کیا جا رہا کہ شدید درجہ حرارت کی وجہ سے ان میں پانی کی موجودگی بعد از قیاس ہو گی۔

یہ جاننے کے لیے پیانی اور ان کی ٹیم نے ان پتھروں پر تجربات کیے۔

پیانی اور ان کی ٹیم کو یہ معلوم ہوا کہ زمین سے ٹکرانے والے ان پتھروں میں اتنی تعداد میں ہائیڈروجن موجود ہوتی ہے کہ وہ اس مقدار سے تین گنا زیادہ پانی مہیا کر سکتے ہیں، جتنا کہ زمین پر موجود ہے۔

ٹیم کے مطابق ان پتھروں میں موجود ہائیڈروجن کے آئسوٹوپ زمین پر موجود پانی سے بہت زیادہ ملتے جلتے ہیں۔ اس سے ٹیم اس نتیجے پر پہنچی کہ یہ پتھر زمین پر پانی لانے کا سبب بنے ہیں۔

پیانی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے اس امکان کو رد نہیں کیا کہ بعد میں بھی کئی دیگر ذرائع سے پانی زمین پر آیا۔ مگر ان کا کہنا ہے کہ زمین پر موجود پانی کے زیادہ تر حصے میں ان پتھروں کا کردار ہے۔