چیمپئنز ٹرافی: کون سی ٹیم کہاں میچز کھیلے گی؟

  • ایونٹ کا ایک سیمی فائنل دبئی جب کہ دوسرا لاہور میں کھیلا جائے گا۔
  • 19 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔
  • چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول 'اے' میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔
  • پول بی میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

ویب ڈیسک _ پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلے جانے کرکٹ کے میگا ایونٹ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے اعلان کردہ چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے مطابق 19 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ کا ایک سیمی فائنل دبئی جب کہ دوسرا لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا فائنل نو مارچ کو لاہور میں ہو گا۔ اگر بھارت کی ٹیم فائنل میں پہنچی تو پھر ایونٹ کا فائنل بھی دبئی میں کھیلا جائے گا۔

آئیے جائزہ لیتے ہیں کہ 1996 کے ورلڈ کپ کے بعد پاکستان میں ہونے والے اس بڑے آئی سی سی ایونٹ میں کون سے ٹیمیں کس پول میں ہیں اور یہ کہاں اپنے میچز کھیلیں گی۔

پول اے اور پول بی میں شامل ٹیمیں

چیمپئنز ٹرافی میں شامل آٹھ ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول 'اے' میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے علاوہ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔

پول 'بی' میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

دونوں پولز میں شامل ٹیمیں تین پول میچز کھیلیں گی جس کے بعد اپنے گروپ کی سرِ فہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالی فائی کر جائیں گی۔

کون سی ٹیم کہاں پول میچز کھیلے گی؟

پاکستان کی ٹیم 19 فروری کو ایونٹ کا ابتدائی میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان کا دوسرا میچ دبئی میں 23 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف ہو گا۔ پاکستان اپنے پول کا آخری میچ 27 فروری کو راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔

بھارت کی ٹیم اپنا پہلا میچ 20 فروری کو دبئی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ بھارت اپنا دوسرا میچ دبئی میں 23 فروری کو پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔ بھارت اپنا تیسرا اور آخری پول میچ دو مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنا پہلا میچ 19 فروری کو پاکستان کے خلاف کراچی میں کھیلے گی۔ کیویز کا دوسرا میچ بنگلہ دیش کے خلاف 24 فروری کو راولپنڈی جب کہ تیسرا میچ دو مارچ کو دبئی میں بھارت کے خلاف شیڈول ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم اپنا پہلا میچ 20 فروری کو دبئی میں بھارت کے خلاف کھیلے گی جس کے بعد 24 فروری کو راولپنڈی میں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا۔ بنگلہ دیشی ٹیم اپنا آخری پول میچ 27 فروری کو پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گی۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنا پہلا میچ 21 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گی۔ جنوبی افریقہ کا دوسرا میچ 25 فروری کو آسٹریلیا کے خلاف راولپنڈی میں ہو گا۔ جنوبی افریقہ اپنا آخری پول میچ یکم مارچ کو انگلینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گی۔

آسٹریلیا کی ٹیم اپنا پہلا میچ 22 فروری کو انگلینڈ کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گی۔ آسٹریلیا اپنا دوسرا میچ 25 فروری کو جنوبی افریقہ کے خلاف راولپنڈی میں جب کہ یکم مارچ کو انگلینڈ کے خلاف کراچی میں کھیلے گا۔

افغانستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ 21 فروری کو کراچی میں کھیلے گی۔ افغانستان کا دوسرا میچ انگلینڈ کے خلاف 26 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہو گا۔ افغانستان کا تیسرا میچ 28 فروری کو آسٹریلیا کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔

انگلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا میچ 22 فروری کو لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف مدِمقابل ہو گی۔ انگلینڈ اپنا دوسرا میچ 26 فروری کو لاہور میں افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔ انگلینڈ کا تیسرا میچ یکم مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی میں ہو گا۔