امریکی صدر کی رہائش گاہ اور دفتر 'وہائٹ ہاؤس' میں ایک مشتبہ شخص کے داخلے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں اور قصرِ صدارت کو خالی کرالیا گیا۔
حکام کے مطابق جمعے کی شب ایک شخص وہائٹ ہاؤس کی بیرونی جالی پھلانگ کر احاطے میں داخل ہوگیا تھا اور اس نے عمارت کی جانب دوڑ لگادی تھی۔
احاطے میں مشتبہ شخص کی موجودگی کا علم ہونے کے بعد وہائٹ ہاؤس میں سراسیمگی پھیل گئی اور عمارت کو عملے سے خالی کرالیا گیا۔
تاہم بعد ازاں صدرِ امریکہ کی حفاظت پر مامور 'سیکرٹ سروس' کے اہلکاروں نے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا جس کی شناخت 42 سالہ عمر گونزالیز کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ٹیکساس کے علاقے کوپیراس کوو کا رہائشی ہے اور اس کے پاس سے کسی قسم کا کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہوا ہے۔
سیکرٹ سروس اہلکاروں کا کہناہے کہ ملزم نے گرفتاری کے بعد سینے میں تکلیف کی شکایت کی تھی جس پر اسے واشنگٹن کے ایک اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے کے وقت صدر براک اوباما اور ان کے اہلِ خانہ 'وہائٹ ہاؤس' میں موجود نہیں تھے اور مشتبہ شخص کے داخلے سے کچھ دیر قبل ہی وہاں سے روانہ ہوئے تھے۔
سیکرٹ سروس کے ایک اعلیٰ افسر نے 'وہائٹ ہاؤس' میں پیش آنے والے اس واقعے کو قطعی طور پر ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایجنسی اس کی تحقیقات کرے گی۔
خیال رہے کہ وہائٹ ہاؤس میں غیر متعلقہ فرد کے گھسنے کا رواں ماہ میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔