ممتاز گلوکارہ، وِٹنی ہوسٹن انتقال کرگئیں

ممتاز گلوکارہ، وِٹنی ہوسٹن انتقال کرگئیں

وِٹنی ہوسٹن کے اب تک17کروڑ سے زائد البم فروخت ہوچکے ہیں۔ اُنھیں دنیائے موسیقی کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فنکارہ کا درجہ حاصل تھا

چھ بار گریمی ایوارڈ حاصل کرنے والی ممتاز گلوکارہ اور ایکٹریس، وِٹنی ہوسٹن ہفتے کی رات لاس اینجلس کے بیورلی ہِلٹن ہوٹل کے ایک کمرے میں انتقال کر گئیں۔ اُن کی عمر 48برس تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اُن کی موت ہوٹل کی چوتھی منزل پر واقع اُن کے کمرے میں ہوئی۔

تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے والے کارکنوں نے اُن کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

گریمی کے انتظامی سربراہ، کین اہلچ نے سی این این کو بتایا کہ گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ جیفر ہڈسن اتوار کی شام لاس ایجلس میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی یادگاری محفل میں وٹنی ہوسٹن کو خراج عقیدت پیش کریں گی۔

وٹنی ہوسٹن کے انتقال پرتعزیتی پیغامات کا ایک سلسلہ جاری ہے اور گلوکار ٹونی بینیٹ نے سی این این کو بتایا کہ ہوسٹس، اُن کے بقول، ’جن فنکاروں کو اب تک میں نے سنا ہے، اُن سب سے قدآورشخصیت کی مالک تھیں‘۔

نامور گلوکار سموکی رابن سن نے کہا ہے کہ ’ہوسٹن عظیم ترین فنکارہ تھیں‘۔

دنیائے فلم کی ممتاز شخصیات کی طرف سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا تانتا بندھا ہوا ہے۔

وِٹنی ہوسٹن کے اب تک 17کروڑ سے زائد البم فروخت ہوچکے ہیں۔ اِس طرح ، وہ دنیائے موسیقی کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فنکارہ کا درجہ رکھتی تھیں۔ اُن کی ذاتی پسند کے اپنے گانوں پر مشتمل ایک البم کی 1985ء میں دو کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں۔

اُن کی خداداد صلاحیتوں نے اُنھیں موسیقی سے فلموں کی طرف راغب کیا، جِس شعبے میں اُنھوں نے The Bodyguardاور Waiting to Exhaleجیسی فلموں میں یادگار کردار ادا کرکے اپنے آپ کو منوایا۔

سنہ 1992سے 2007ءتک وہ گلوکار بابی براؤن کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی رہیں، اور اُن کی ایک بیٹی ہیں۔

وِٹنی ہوسٹن کوخراج عقیدت ۔۔۔ آڈیو رپورٹ سنیئےجسے وائس آف امریکہ کے ڈیوڈ وینڈی نے ترتیب دیا: