لندن میں جاری ومبلڈن چیمپئن شپ کے چوتھے مرحلے میں چوٹی کی تین خواتین کھلاڑی مقابلے سے باہر ہو گئی ہیں۔ باہر ہونے والوں میں دو دفعہ چیمپئن شپ جیتنے والی امریکہ کی سرینا ولیمز بھی شامل ہیں۔
عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آنے والی سیرینا ولیمز زخمی ہونے کے باعث ٹینس مقابلوں سے تقریباً ایک سال تک باہر رہی ہیں۔ اس چیمپئن شپ میں وہ نویں نمبر پر آنے والی میرئن بارٹولی سے چھ۔تین اور سات ۔چھ سے ہار گئیں۔ بارٹولی نے آج تک سیرینا سے کوئی مقابلہ نہیں جیتا تھا ، اور ہارنے کے بعد سیرینا کا ومبلڈن میں سترہویں بارلگاتار فتح حاصل کرنے کا سلسلہ ٹوٹ گیا ہے۔
سیرینا کی بڑی بہن وینس ولیمز بھی بلغاریہ کی کھلاڑی سے چھ دو اور چھ تین سے ہار گئیں، وینس نے سن دو ہزار سات اور دو ہزار آٹھ میں ومبلڈن چیمپئن شپ جیتی تھی۔ اس طرح سن دو ہزارچھ کے بعد پہلی مرتبہ ان دونوں بہنوں کے علاوہ بھی کوئی اور ومبلڈن چیمپئن شپ جیت سکے گا۔
تاہم عالمی رینکنگ میں نمبر ایک پر آنے والی ڈنمارک کی کیرولین ووزنیکی یہ چیمپئن شپ نہیں جیت پائیں گی۔ وہ ابھی تک اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنےکی کوششوں میں ہیں۔ کیرولین پیر کے روز چوبیس نمبر پر آنے والی ڈومنیکا سی بوکووا سے ایک۔ چھ، سات۔ چھ اور سات ۔پانچ سے ہار گئیں۔ کیرولین کا تعلق سلاواکیہ سے ہے۔
سن دو ہزار چار میں ومبلڈن چیمپئن شپ جیتنے والی روس کی ماریا شیراپووا مقابلوں میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں۔ سن انیس سو تیرہ کے بعد پہلی مرتبہ ومبلڈن کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچنے والی تمام خواتین کا تعلق یورپ سے ہو گا اور وہ بھی یورپ کے مختلف ملکوں سے۔