وکی لیکس کی جانب سے افشا کی گئی تازہ دستاویزات کے مطابق امریکی حکام کو بتایا گیا کہ بھارتی پولیس بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں وسیع پیمانے پر کشمیری قیدیوں پر تشدد کرتی رہی ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین میں شائع ہونے والے ایک سفارتی پیغام میں کہا گیا کہ بین الاقوامی ادارے ریڈ کراس نے امریکی سفارتکاروں کو سن 2005کے تشدد کے مبینہ واقعات کے بارے میں بتایا تھا جن میں بھارتی پولیس کے موجودگی میں زیرحراست افراد پر جنسی تشدد، مارپیٹ اور بجلی کے کرنٹ کے ذریعے تشدد کیا جاتا تھا۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ریڈکراس کے اہلکاروں کا خیال تھا کہ یہ واقعات بھارتی حکومت کی مرضی سے ہورہے ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ نے جمعے کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ملک میں جہاں بھی قانون کی خلاف ورزی ہوتی ہے حکومت فوری طور پرقوانین کے مطابق سختی سےان سے نمٹتی ہے۔