امریکہ میں سرمائی طوفان سے نیویارک شہر میں شدید برف باری ہوئی ہے جس سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ سرمائی طوفان نے اب شمالی علاقوں کا رُخ کر لیا ہے جہاں کے شہریوں کو حکام کی جانب سے انتباہ جاری کر دیا گیا ہے۔
نیویارک شہر کے کئی علاقوں میں برف کے ڈھیر لگ گئے ہیں جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ فضائی آپریشن اور کرونا ویکسی نیشن مہم میں بھی خلل پڑا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ منگل کو طوفان نیو انگلینڈ کے علاقے میں داخل ہو گا جہاں ایک فٹ تک برف پڑ سکتی ہے جب کہ طوفان بدھ کی شام تک شمالی ریاستوں تک بھی پہنچ جائے گا۔
سرمائی طوفان نے ریاست میساچوسٹس کے کچھ علاقوں میں پیر سے شروع ہونے والی کرونا ویکسی نیشن مہم کو بھی متاثر کیا ہے۔
ریاست کینٹکی کے گورنر نیڈ لیمونٹ کا کہنا ہے کہ سرمائی طوفان کے باعث پیر کو 10 ہزار افراد کو ویکسین نہیں لگائی جا سکی جب کہ ریاست کو ویکسین کی ہفتہ وار سپلائی بھی نہیں مل سکی۔
نیویارک کے مینہیٹن پارک میں 13 انچ جب کہ نیو جرسی کے بعض علاقوں میں 16 انچ تک برف پڑی۔
اس سے قبل اتوار کو دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی اور اس سے ملحقہ ریاستوں ورجینیا اور میری لینڈ میں بھی برف باری کے باعث نظامِ زندگی متاثر رہا۔
ریاست ورجینیا میں برف باری کے باعث ریسکیو اہلکاروں کا ٹرک اُلٹنے سے چار اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں قریبی اسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔
ریاست پینسلوینیا میں برف ہٹانے کے معاملے پر ہمسایوں کے درمیان ہونے والے تنازع پر میاں، بیوی سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق میاں، بیوی کو ہلاک کرنے والے شخص نے بعدازاں خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔