نیوزی لینڈ کی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے آج اتوار کے روز شارجہ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی ٹیم کو 42 رنز سے ہرا کر چار ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 3-0 سے جیت لی ہے۔
نیوزی لیڈ کی بیٹس وومن سوزی بیٹس نے مسلسل دوسری نصف سنچری بنا کر اپنی ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا۔ بیٹس 57 گیندوں پر 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ اُن کی اننگ میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
پاکستان کی طرف سے نطالیہ پرویز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایک وقت پر نیوزی لینڈ کی تین کھلاڑی 31 رنز آؤٹ ہو چکی تھیں۔ لیکن پھر بیٹس نے کھیل پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے دھواں دار اننگ کھیلی اور کیٹی مارٹن کے ساتھ ملکر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کا اضافہ کیا۔
نیوزی لینڈ کے 127 رنز کے جواب میں پاکستان کی خواتین کی کرکٹ ٹیم صرف 84 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستانی ٹیم کا آغاز کافی اچھا تھا اور اوپنرز سدرہ امین اور ناہیدہ خان نے 29 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔ تاہم جب صوفی ڈیوائن نے سدرہ امین کو آؤٹ کر دیا تو پاکستانی ٹیم کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم صرف 84 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ ناہیدہ خان نے 23 اور سدرہ امین نے 16 رنز بنائے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کا چوتھا اور آخری میچ منگل کے روز کھیلا جائے گا۔