یمن: فضائی حملوں میں کم ازکم 10 افراد ہلاک

یمن کے صعدہ صوبے میں سعودی اتحاد کے فضائی حملوں کے بعد عمارتوں کا ملبہ بکھرا نظر آ رہا ہے۔ 16 مئی 2019

یمن کے صوبے صعدہ میں پیر کے روز ایک مارکیٹ پر فضائی حملے میں 10 سے زیادہ عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔

ہوثیوں کے زیراہتمام چلنے والے میڈیا نے بھی فضائی حملوں کی خبر دی ہے۔

خبررساں ادارے رائٹرز نے ایک مقامی اسپتال الجمہوری کے سربراہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ فضائی حملے میں 13 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ فضائی حملہ سعودی قیادت کی فورسز نے کیا جو یمن میں ایران کے حامی مسلح گروپ ہوثیوں کے خلاف لڑ رہی ہیں۔

ایران یمن میں ہوثیوں کی حمایت کرتا ہے۔ المسرہ ٹی وی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ان فضائی حملوں میں 10 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اتحادی افواج کے ترجمان نے اس درخواست پر کوئی فوری ردعمل ظاہر نہیں کیا جس میں ان سے حملوں پر تبصرے کے لیے کہا گیا تھا اور نہ ہی سعودی اتحاد یا سعودی حکام کی جانب سے اس حملے کی تصدیق کی گئی ہے۔