لگ رہا ہے کہ فلم جلد ہی 100 کروڑ یعنی ایک ارب روپے کمانے والی فلموں کے کلب میں اپنا نام لکھوانے میں کامیاب ہوجائے گی
نئی بھارتی فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ نے بھارتی اور پاکستانی باکس آفس پر ریلیز کے بعد دھوم مچادی ہے۔ پیر کے دن فلم کی ریلیز کو صرف چار دن ہوئے ہیں۔ لیکن، اتنے کم دنوں میں ہی فلم نے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ تین دن میں 62کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس۔ سال 2013ء میں اب تک ریلیز ہونے والی سب سے بڑی فلم ۔۔۔جس نے سلمان خان کی فلموں کے بھی ریکارڈ ’چکنا چور‘ کردیئے۔
فلم ٹریڈ سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ فلم نے جس تیزی سے اپنی کامیابی کا سفر طے کرنا شروع کیا ہے، اسے دیکھتے ہوئے لگ رہا ہے کہ فلم جلد ہی 100کروڑ یعنی ایک ارب روپے کمانے والی فلموں کے کلب میں اپنا نام لکھوانے میں کامیاب ہوجائے گی۔
فلمی تجزیہ نگار ترون آدرش کے مطابق فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن 19.45کروڑ روپے کا بزنس کیا جبکہ ہفتے اور اتوار کو فلم نے بالترتیب 20.16اور 22.5کروڑ روپے کمالئے۔
’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق، رنبیر کپور پر ’راک اسٹار‘ اور ’برفی‘ کی شاندار کامیابی کے ذریعے جو قسمت کی دیوی مہربان ہوئی تھی ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ اس کا کلائمکس ثابت ہوگی۔ کیونکہ، آثار بتا رہے ہیں کہ فلم جلد بالی وڈ کی ’آل ٹائم میگا ہٹس‘ کی لسٹ میں بھی اپنی جگہ بنالے گی۔
بھارتی اخبار ’انڈیا ٹائمز‘ کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں خبریں گرم ہیں کہ ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ سال2013ء میں ریلیز ہونے والے اب تک کی تمام فلموں سے آگے نکل گئی ہے۔ فلم کے پہلے ہفتے کے رسپانس نے ’ایک تھا ٹائیگر‘، ’دبنگ ٹو‘ ، ’را۔ون‘ اور ’باڈی گارڈ‘ جیسی بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
پاکستانی سنیماہالز کے باہر لمبی لمبی قطاریں
پاکستان کے مختلف شہروں میں ایک طویل عرصے بعد سنیما ہالز کے باہر ٹکٹس حاصل کرنے والوں کی لمبی لمبی لائنیں لگی ہوئی ہیں۔ تقریباً ہرسنیما ہال کے باہر ’ہاوٴس فل‘ کا بورڈ لٹکا ہوا نظر آرہا ہے۔ کراچی کے ایٹریم سنیما، سنے پلیکس اور دیگر سنیما ہالز میں ایڈوانس میں بھی ٹکٹس دستیاب نہیں۔ شوقین افراد نے کئی ہفتے پہلے ہی بکنگ کرالی ہے۔
آپ حیران ہوں گے کہ آخر یہ فلم ہے کون سی جس نے عشروں پرانے فلمی کلچر کی یاد دلا دی ہے۔۔۔تو نوٹ کرلیجئے یہ فلم ہے رنبیر کپوراوردپیکا پڈکون کی ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ جس نے ملک بھر کے خاص کر کراچی اور لاہور جیسے بڑے شہروں کے سینماہالز کی رونقیں بحال کردی ہیں۔
کراچی کی تین سہیلیوں عظمیٰ، منزہ اور نعمانہ نے سنے پلیکس کے باہر ٹکٹس کی تلاش کے دوران وائس آف امریکہ کو بتایا، ’ہم لوگ کئی دنوں سے مسلسل اس کوشش میں ہیں کہ فلم کے ٹکٹس کسی طرح حاصل کرلیں۔ اس غرض سے ہم نے مختلف سنیماہالز کے چکر بھی لگائے مگر ہماری یہ محنت ابھی تک کامیاب نہیں ہوئی۔ فلم غیر معمولی رش لے رہی ہے۔ کافی عرصے بعد ایسا ہوا کہ درجنوں لوگ ٹکٹ کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔‘
لاہور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، وہاں بھی فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ نے دھوم مچائی ہوئی ہے۔ زندہ دل ’لاہوریوں‘کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی، اداکار، لوکیشنز اور میوزک سب شاندار ہے۔ فلم میں تفریخ کا ہر ذریعہ موجود ہے۔
بھارت اور پاکستان کے علاوہ فلم ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ کا جادو دوسرے ممالک میں بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ 31مئی کو امریکا کے 162سینما گھروں میں ریلیز ہوکر اب تک یہ 1.6ملین ڈالرز کا بزنس کر چکی ہے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ ’یہ جوانی ہے دیوانی‘ نے امریکی ویک اینڈ باکس آفس کی ٹاپ 10فلموں میں شامل ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔
باکس آفس تجزیہ کارپال ڈیرگراہ بیڈئن کا کہنا ہے، ’یہ غیر معمولی بات ہے۔ بالی ووڈ کی فلمیں عا م طور پر ٹاپ 15یا ٹاپ 20میں تو جگہ حاصل کر لیتی ہیں لیکن ٹاپ 10میں آٹھویں نمبر پر جگہ پانا واقعی کمال کی بات ہے‘۔