یونس خان ٹی 20 سے ریٹائرمنٹ واپس لینے پہ رضامند

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ "انہیں جس طرز کی کرکٹ بھی کھلائے گا وہ کھیلیں گے"۔

جمعرات کے روز لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم میں تقریباً نو ماہ بعد دوبارہ اپنی جگہ بنانے والے یونس خان نے کہا کہ وہ ٹیم میں اپنی واپسی پر خوش ہیں اور ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سمیت ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے کیلیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ 2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو فتح دلانے کے بعد یونس خان نے ٹی 20 کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں یونس خان کو جنوبی افریقہ کے خلاف رواں ماہ کے آخر سے دبئی اور ابو ظہبی میں شروع ہونے والی سیریز کیلیے پاکستانی ون ڈے اور ٹیسٹ اسکواڈ ز میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سابق کپتان نے پیر کی صبح لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ سے ملاقات کی تھی جس کے بعد ان کی ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار ہوئی۔

یونس خان نے پاکستان کی طرف سے اپنا آخری میچ رواں سال فروری میں دورہ آسٹریلیا کے دوران ون ڈے سیریز میں کھیلا تھا۔ بعد ازاں پی سی بی کی جانب دورہ کے دوران خراب کارکردگی اورنظم و ضبط کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت یونس سمیت سات کھلاڑیوں پر پابندی اور جرمانے عائد کردیے گئے تھے جنہیں بعد ازاں بورڈ کے اپیلٹ ٹریبیونل نے واپس لے لیا تھا۔

تاہم پابندی کے دوران یونس خان اور ان کے وکیل کی جانب سے دیے جانے والے بیانات پہ برافروختہ پی سی بی حکام کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں کے برعکس یونس کی قومی ٹیم میں شمولیت یہ کہہ کر روکی جاتی رہی کہ بورڈ اور یونس کے درمیان 'کچھ معاملات کا طے ہونا باقی ہے'۔

صحافیوں سے اپنی گفتگو میں یونس کا کہنا تھا کہ وہ کرکٹ بورڈ سے لڑ نہیں سکتے تھے اور بقول ان کے "بورڈ نے انہیں پیار سے بلایا تو وہ چلے آئے اور مل بیٹھ کر تمام گلے شکوے دور کرلیے"۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ شائقین اور پی سی بی انہیں ٹیم میں شامل دیکھنا چاہتے تھے اور بقول ان کے "خود وہ بھی یہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کے کیریئر کا اختتام اس طرح ہو"۔

ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں ہر قسم کی کرکٹ کھیلتے رہے ہیں اور اب بھی بورڈ اور ٹیم منیجمنٹ کی خواہش پر ٹی ٹوئنٹی سمیت ہر طرز کی کرکٹ کھیلنے کو تیار ہیں۔

دریں اثناء جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کی تیاری کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کا لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری تربیتی کیمپ جمعرات کو ختم ہوگیا۔

کیمپ کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو میں قومی ٹیم کے کوچ وقار یونس نے کہا کہ کیمپ میں فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے ٹیم میں یونس خان کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم متوازن ہے اور وہ اس کی کامیابی کیلیے پرامید ہیں۔

پاکستانی ٹیم آئندہ ایک ، دو روز میں متحدہ عرب امارات روانہ ہوجائے گی جہاں وہ 26 اکتوبر سے 24 نومبر تک جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔