کراچی ... متعدد ٹیلی ویژن سیریلز اور کئی کامیاب ترین فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی بھارت کی سینئر اداکارہ زہرا سہگل جمعرات کی شام نئی دہلی میں انتقال کرگئیں۔ بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق، ان کے گھروالوں نے بھی ان کی موت کی تصدیق کردی ہے۔
وہ 27اپریل 1912ء کو پیدا ہوئی تھیں۔ رواں سال ہی انہوں نے اپنی 102ویں سالگرہ منائی تھی۔ ان کا پورا نام شہزادی زہرہ بیگم ممتاز اللہ خان تھا۔ انہوں نے ریاست اتر پردیش کے شہر سہارنپور کے ایک روایتی مسلم گھرانے میں آنکھ کھولی تھی۔ اس دور میں انہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے لاہور بھی بھیجا گیا تھا۔ لیکن کچھ ہی سال بعد انہیں واپس جانا پڑا۔
انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز بطور ڈانسر ساتھی فنکار اودے شنکر کے ہمراہ 1935میں کیا تھا۔ وہ بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کے علاوہ کئی انگریزی زبان میں بننے والی فلموں میں بھی اداکاری کرچکی تھیں۔ ٹیلی ویژن کے کئی کامیاب سیریلز بھی ان کے کریڈیٹ پر ہیں۔
’بالی ووڈ لائف‘ کے مطابق انہیں بالی ووڈ فلموں کی دادی بھی کہا جاتا تھا۔ سنہ 2007 میں بننے والی سنجے لیلا بنسالی کی فلم ’سانوریہ‘ ان کے کیریئر کی آخری فلم ثابت ہوئی۔ انہیں بھارت کے دو انتہائی اہم اور بڑے ایوارڈز پدما شری اور 2010ء میں پدما وبھوشن سے بھی نوازا گیا تھا۔
انہوں نے تھیٹر بھی کیا اور کئی ڈراموں میں اپنے فن سے جان ڈالی۔
فلم ’ویرزارا‘، ’سایہ‘، ’چینی کم‘، ’ہم دل دے چکے صنم‘، ’دل سے‘ اور ’چلو عشق لڑائیں‘ وغیرہ ان کی کامیاب فلمیں شمار ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ ہالی ووڈ کی جن فلموں میں انہوں نے کامیابی سے کردار نبھائے ان میں ’نیور سے ڈائی‘، ’لٹل نپولینز‘، ’بینڈ ایٹ لائیک بیکم‘ اور’ٹیلز دیٹ وٹنس میڈنیس‘ شامل ہیں۔