امریکی صدر براک اوباما اس اختتام ہفتہ ’فادرز ڈے‘ یعنی یوم والد کی تقریبات امریکہ میں منارہے ہیں اور انہوں نے یاد دلایا ہے کہ والد کے وقت پر بچوں کا بھی حق ہے اور سب سے بڑھ کریہ کہ انہیں اپنے والد کی غیر مشروط محبت کی ضرورت ہے۔
ہفتے کے روز اپنے ہفتہ وار ریڈیو خطاب میں صدر اوباما نے کہا کہ وہ اپنے والد کے سائے سے محروم رہ کر پروان چڑھے ہیں اور اس کمی کا احساس کرتے ہوئے وہ اپنی بیٹیوں مالیا اور ساشا کی بہترین پرورش کے لیے زیادہ محنت سے کام لےرہے ہیں۔
صدر اوباما نے کہا کہ ان کی ابتدائی پرورش ہوائی میں ان کے نانا نانی نے کی۔ تاہم وہ سوچتے ہیں کہ اگراپنے والد کے زیر سایہ پروان چڑھتے تو ان کی زندگی کیسی ہوتی۔
انہوں نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ معیشت کی موجودہ صورت حال نے کچھ خاندانوں کے لیے زندگی کو مشکل بنادیا ہے لیکن یہ ان کی اور دوسرے تمام والدوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے اپنی بہترین صلاحتیں بروئے کار لائیں۔