رسائی کے لنکس

ہتھیاروں کا کاروبار، اقوام متحد کےمذاکرات کار سمجھوتے پر پہنچنے میں ناکام


امریکہ سمجھوتے کے حق میں ہے۔ تاہم، معاملے کے پیچیدہ ہونے کے پیشِ نظر مزید وقت دینے کی دوخواست زیادہ معقول دکھائی دیتی ہے: ترجمان محکمہٴ خارجہ

اربوں ڈالر کے اسلحے کے کاروبارکو قوائد و ضوابط کے دائرہ کار میں لانے کے لیے اقوام متحدہ کے توسط سے ہونے والی بات چیت کےاختتامی دِن، جمعے کو مذاکرات کار ’پہلے بین الاقوامی سمجھوتے‘ کو وضع کرنے میں ناکام رہے۔ اِس کے برعکس، اقوام متحدہ کے رکن ممالک نے اِس معاملے میں مزید بات چیت کی حمایت کی۔

کچھ رکن ممالک نے الزام لگایا کہ اِن مذاکرات کے اختتام پر سمجھوتے پر پہنچنے کی مخالفت کرکے امریکہ نے مہینے بھر سےجاری اِن مذاکرات کو ناکام کیا۔

امریکی محکمہٴخارجہ کی خاتون ترجمان، وکٹوریا نُلینڈ نے ایک بیان میں کہا ہےکہ جب کہ امریکہ مذاکرات کے نتیجے میں ایک سمجھوتا طے پانے کے حق میں ہے، ’ تاہم، اِس پیچیدہ اور فیصلہ کُن معاملےکو طے کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہونے کی درخواست زیادہ معقول دکھائی دیتی ہے‘۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ اُنھیں اِس بات پر ’مایوسی‘ ہوئی ہے کہ رکن ممالک سمجھوتے پر پہنچنے میں ناکام رہے ہیں، جب کہ اِس کی تیاری میں برسہا برس لگے اور مذاکرات چار ہفتے تک جاری رہے۔

اُنھوں نے اِسے ایک ’دھچکے ‘ سے تعبیر کیا۔

تاہم، اُن کا کہنا تھا کہ اُن کی اِس بات پر ہمت بندھی ہے کہ اقوام عالم نےسمجھوتے پر پہنچنےپر رضامندی کا اظہار کیا ہے، اور اُنھوں نے اِس سلسلے میں اپنی ’واشگاف‘ حمایت کا وعدہ کیا۔

اسکاٹ اسٹیڈجان، ’اوکسفام امریکہ‘ سے وابستہ ایک اعلیٰ پالیسی مشیر ہیں۔ یہ تنظیم افلاس اور دیگر ناانصافیوں کے خلاف برسر پیکار ہے۔ اُنھوں نے اِس تعطل کا الزام امریکی صدر براک اوباما کی طرف سے ’سیاسی عزم‘ نہ دکھائے جانے کو قرار دیا۔

سنہ 2009میں اوباما انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اِس طرح کے سمجھوتے کی حمایت کرے گا، اور اِس معاملے میں بش انظامیہ کے مؤقف کی نفی کی جائے گی۔

تاہم، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اِس بات پر زور دیتا رہا ہے کہ اُس کے پاس ویٹو کی استعداد ہونا ضروری ہے، جس کو اُنھوں نے ایک کمزور سمجھوتا قرار دیا، جس میں وہ اپنے شہریوں کے ہتھیار رکھنے کے آئینی حق کے تحفظ کی پاسداری چاہتا ہے۔

اِس بنیادی حق کے معاملے نے امریکہ کی قومی سطح پر اُس وقت سر اُٹھایا جب ایک ہفتہ قبل ایک تھیٹر میں فلم شو کے دوران ایک مسلح شخص نے گولیاں چلادیں، جس واقع کے نتیجے میں 12افراد ہلاک اور درجنوں زخٕمی ہوئے۔
XS
SM
MD
LG