رسائی کے لنکس

ووٹ کا تقاضا عملی اقدامات، صدر اوباما


صدر براک اوباما نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کی انتظامیہ کی اولین ترجیح نئی ملازمتیں پیدا کرنا اور اقتصادی ترقی کی رفتار کو بڑھانا ہے۔

صدر اوباما نے اپنی ہفتہ وار ریڈیو تقریر میں کہاہے کہ اس ہفتے صدارتی انتخابات میں امریکی عوام نے ایک واضح پیغام دیا ہے۔

ان کا کہناتھا کہ امریکیوں نے عملی اقدامات کے حق میں ووٹ دیا ہے نہ کہ غیر ضروری سیاست بازی کے لیے۔

صدر براک اوباما نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کی انتظامیہ کی اولین ترجیح نئی ملازمتیں پیدا کرنا اور اقتصادی ترقی کی رفتار کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ معاشی ترقی کا کوئی ایسا نظریہ قبول نہیں کرسکتے جس میں سب کے لیے یکساں مواقع موجود نہ ہوں۔

ان کا کہناتھا کہ میں طالب علموں، پنشن لینے والوں یا متوسط آمدنی کے خاندانوں سے قومی مالیاتی خسارہ پورا کرنے کے لیے کیسے کہہ سکتا ہوں جب کہ ڈھائی لاکھ سالانہ سے زیادہ کمانے والوں پر ایک سینٹ بھی مزید ٹیکس نہ لگایا جائے۔

جب کہ حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والے ایوان نمائندگان کے اسپیکر جان بونیر نے ری پبلیکن پارٹی کے ہفتہ وار خطاب میں کہا ہے کہ کانگریس کو ٹیکسوں میں اضافہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ اس کی بجائے ٹیکسوں کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

اسپیکر بونیر نے یہ بھی کہا کہ ٹیکسوں کی شرح میں مزید کمی کی جائے اور استحقاق سے متعلق ضابطوں میں تبدیلی لائے جائے۔ انہوں نے یہ توقع بھی ظاہر کی دونوں پارٹیاں کسی ایسے معاہدےپر پہنچ جائیں گی جو کانگریس کے لیے قابل قبول ہوگا۔

توقع ہے کہ مسٹر اوباما اگلے ہفتے امریکی کانگریس کے راہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
XS
SM
MD
LG