رسائی کے لنکس

’پنجہ صاحب‘ کو مقدس شہر قرار دیے جانے کا امکان


حکومت پنجہ صاحب کی زیارت کو آنے والے یاتریوں کو درپیش مشکلات دور کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہے: پاکستانی عہدے دار

پاکستان کے صوبہٴ پنجاب میں واقع چھوٹے سے علاقے حسن ابدال میں واقع ’پنجہ صاحب‘ کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے سکھوں کا ’مقدس شہر‘ قرار دیے جانے کا امکان ہے۔ ’پنجہ صاحب‘ دراصل سکھوں کا ایک بڑا گردوارا ہے، جسے پنجہ صاحب کہاجاتا ہے ۔
سکھوں کی روایت کے مطابق یہاں کے ایک پتھر پر سکھ مت کے بانی اور مذہبی پیشوا بابا گرو نانک کے پنجے (ہاتھ) کا نشان بناہوا ہے۔ اسی مناسبت سے اُسے ’گردوارا پنجہ صاحب‘ کہا جاتا ہے۔
پنجہ صاحب حسن ابدال میں واقع ہے جو راولپنڈی سے 48کلومیٹر کی دوری پر آباد ہے۔ سکھ مت میں اسے انتہائی مقدس حیثیت حاصل ہے۔
بھارتی خبررساں ادارے، ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کے مطابق گزشتہ ہفتے بھارت کے دورے پر ائے ہوئے پاک۔انڈیا فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر اور وزارت داخلہ کے لیگل کونسلر، عارف چوہدری نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل سے چندی گڑھ میں ملاقات کے دوران کہا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پنجہ صاحب کو ’مقدس شہر‘ قرار دیا جا سکتا ہے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت پنجہ صاحب کی زیارت کو آنے والے یاتریوں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہے۔
عارف چوہدری نے پرکاش سنگھ بادل کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی، جو، بتایا جاتا ہے کہ، انہوں نے قبول کرلی تھی۔ تاہم، دورے کی تاریخیں بعد میں طے کی جائیں گی۔
پرکاش سنگھ بادل نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی نو منتخب حکومت پاک بھارت تعلقات کی بہتری اور ثقافتی وفود کے تبادلے کے لئے کام کرے گی اور فضلکہ اور حسینی وال بارڈر کھولنے پر بھی غور کرے گی۔
XS
SM
MD
LG