رسائی کے لنکس

عامر خان کا پاکستان میں باکسنگ لیگ کرانے کا اعلان


عامر خان (بائیں جانب) ۔ فائل فوٹو
عامر خان (بائیں جانب) ۔ فائل فوٹو

عامر خان نے کہا کہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے زیر سایہ منعقد ہونے والی اس لیگ میں خواتین باکسرز سمیت پاکستان بھر سے آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔

پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے’’ سپر باکسنگ لیگ‘‘کے نام سے پاکستان کی پہلی باکسنگ لیگ منعقد کرانے کا اعلان کردیا۔

پیر کو اسلام آباد میں عامر خان باکسنگ اکیڈمی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ آئیڈیا بھارت میں موجود اپنے پارٹنر سے ملا تھا۔ انہوں نے بھارت میں بھی ایسی لیگ بنائی لہٰذا میں نے پاکستان میں بھی لیگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔

عامر خان نے کہا کہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے زیر سایہ منعقد ہونے والی اس لیگ میں خواتین باکسرز سمیت پاکستان بھر سے آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر رواں سال دسمبر یا جنوری 2018 میں ہونے والی اس لیگ کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں موجود باکسنگ کے ٹیلنٹ کو منظر عام پر لانا ہے۔

اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ باکسر نے اکیڈمی میں موجود مقامی باکسرز کے ساتھ وقت گزارا اور انہیں مفید مشورے بھی دیے۔

اکیڈمی کا دورہ کرنے والے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ عامر خان پاکستان کے محمد علی ہیں۔ وہ برطانیہ میں پاکستان اور پاکستان میں برطانیہ کے سفیر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ جلد بحال ہو اور پاکستان میں عالمی کھیلوں کی بحالی کی مکمل حمایت کا عزم ظاہر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انگلش کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

اس موقع پر صحافیوں نے عامر خان سے ان کی نجی زندگی اور شادی کے حوالے سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن عامر خان نے اس پر کوئی بھی بات کرنے سے گریز کیااور کہا کہ وہ صرف باکسنگ کے حوالے سے بات کریں گے، اپنی نجی زندگی کے حوالے سے کچھ نہیں کہنا چاہتے۔

XS
SM
MD
LG