رسائی کے لنکس

لاس ویگاس: عامر خان اور میکسیکو کے باکسر ہفتے کو مد مقابل


ماہرین اسے سال کی ایک بڑی فائٹ قرار دے رہے ہیں، جس میں سابق ڈبلیو بی سی ویلٹر ویٹ عامر خان میکسیکو کے حریف کا سامنا کریں گے، جو ورلڈ باکسنگ کونسل کے مڈل ویٹ چیمپئین ہیں

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ہمیشہ ناقابل یقین حد تک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ لیکن، ہفتے کے دن وہ اپنے کیرئیر کی ایک مشکل ترین فائٹ لڑنے والے ہیں،جس میں انھوں نے اپنے وزن سے دو درجے زیادہ وزنی باکسر کو چیلنچ کیا ہے۔

سات مئی کو لاس ویگاس میں باکسنگ کی دنیا کے دو چیمپیئن عامرخان اور میکسیکو کے نوجوان اسٹار باکسر، ساؤل کنیلو الواریس ایک دوسرے کو سبق سکھانے کے لیے رنگ میں اتریں گے۔

ماہرین اسے سال کی ایک بڑی فائٹ قرار دے رہے ہیں جس میں ڈبلیو بی سی سلور ویلٹر ویٹ باکسر عامر خان میکسیکو کے حریف کا سامنا کریں گےجو ورلڈ باکسنگ کونسل کے مڈل ویٹ چیمپئین ہیں۔

عامر خان نے اگرچہ وزن کی کلاس میں ویلٹر ویٹ باکسر کی حیثیت سے کچھ مقابلے جیتے ہیں، لیکن قیاس آرائیوں کے مطابق، الواریس بڑے اور مضبوط باکسر ہیں۔ البتہ، مبصرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ عامر خان ان سے سخت مقابلہ کرنے والے ہیں۔

یہ میگا ایونٹ مقابلہ لاس ویگاس کے ٹی موبائل ایرینا میں ہوگا۔

عامر خان نے انٹرویو میں تسلیم کیا کہ وہ کنیلو کو شکست دینے کی طاقت نہیں رکھتے، لیکن وہ اپنی پھرتی اور داؤ پیچ کی مہارت کا استعمال کرکے ایک بڑے باکسر سے مقابلہ جیت سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ میں کنیلو کو چوٹ پہنچانےجارہا ہوں اور شاید وہ اسے محسوس بھی نا کرے۔ لیکن، میری مہارت ان سے جیت سکتی ہے۔

عامر خان نے کہا کہ ان کی فائٹ ویلٹر ویٹ کے عالمی چیمئین فلوئڈ مے ویدر یا فلپائن کے باکسر مینی پیکیاؤ کے ساتھ زیادہ آسان ہوتی، کیونکہ وہ میرے ہم وزن ہیں۔ کنیلو ہم سے زیادہ طاقتور ہے۔ لیکن، جو چیزیں میرے پاس بہتر ہیں وہ میری رفتار اور مہارت ہے۔

باکسر ساؤل کنیلو الواریس:

25سالہ باکسر کنیلو الواریس کو پونڈ فار پونڈ باکسروں میں سے ایک بہترین باکسر سمجھا جاتا ہے۔

انھوں نے اپنے کرئیر کی 48 فائٹس میں صرف ایک مقابلے میں عالمی چیمپئین فلوئڈ مے ویدر کے ہاتھوں شکست کھائی ہے۔

انھوں نے 32 فائٹس میں ناک آوٹ کے ذریعے حریف باکسروں کو شکست سے دوچار کیا۔

باکسر عامر خان:

دوسری طرف 29 سالہ عامر خان نے اپنے کرئیر کی34 فائٹس لڑی ہیں، جن میں سے تین مقابلوں میں ہار کا سامنا کیا ہے۔

ان کے کرئیر کے بہترین لمحات میں انھوں نے17 سال کی عمر میں 2004 کے اولمپک مقابلے میں ایک 34 سالہ باکسر کو شکست دی تھی اور برطانیہ کے لیے چاندی کا تمغا جیتا تھا۔

عامر خان نے 2014 میں ڈبلیو بی اے انٹرنیشنل باکسر کا اعزاز جیتا اور سلور ویلٹر ویٹ ٹائٹل چھوڑ دیا تھا۔

انھیں لائٹ ویلٹر ویٹ میں دو مرتبہ عالمی چیمپئین رہنے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔

عامر خان اور کنیلو الواریس کا ٹرمپ کے بیان پر ردعمل

یہ میگا ایونٹ لیجنڈ آسکر دی لا اویا کی طرف سے منعقد کیا جا رہا ہے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے ری پبلکن جماعت کے صدراتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے نفرت انگیز بیانات نے اس مقابلے کے لیے متوجہ کیا۔

کمپنی نے فیوژن سے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ میگا ایونٹ دنیا بھر کے اسپورٹس کے شائقین کو اکھٹے کرنے کے لیے ہےجسے دیکھنے کے لیےدوست احباب اور خاندان بھی آئیں گے۔

عامر خان نے اس بڑے مقابلے کی تعارفی تقریب کے دوران ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے از راہ مذاق کہا کہ یہ شاید میری اور کنیلو کے لیے یہاں آخری لڑائی ہوسکتی ہے، اگر ڈونلڈ ٹرمپ صدر بن جاتے ہیں۔

ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک متنازعہ بیان دیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ اور میکسیکو کی سرحد کے ساتھ ایک لمبی دیوار تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انھوں نے اس سے قبل ایک بیان میں امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر مکمل پابندی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

ان سے پہلے کنیلو الواریس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ سیاسی مسائل میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ تاہم، ٹرمپ کے متنازعہ بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ تکلیف دہ بیان تھا اور یہ ایک الزام ہے، میں چاہتا ہوں کہ وہ یہ سمجھیں کہ ہم یہاں لوٹنے اور چوری کرنے کے لیے نہیں آتے ہیں‘‘۔

ہمیں انھیں دکھانا چاہتے ہیں کہ ہم میکسیکو والے یہاں کامیاب ہونے اور فاتح بننے کے لیے آتے ہیں۔

اس میگا فائٹ کے حوالے سے میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ یہ لڑائی دیکھنےجائیں گے۔ لیکن، ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر کے صفحے پر کہا کہ ''اس طرح کی خبریں ہیں کہ میں کنیلو مدمقابل خان کی لڑائی دیکھنے جارہا ہوں یہ مکمل طور پر غلط ہے، بدقسمتی سے اس دن میری مصروفیات کچھ اور ہیں۔''

XS
SM
MD
LG