میکسیکو کے شہر اورواپین کے مختلف مقامات سے 19 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن میں چند لاشیں پلوں سے لٹکائی گئی تھیں۔
مغربی ریاست میچوکان کے چیف پراسیکیوٹر ادریان لوپیز نے کہا ہے کہ یہ واقعہ اس علاقے میں سرگرم منشیات کا دھندہ کرنے والے گروہوں کی کارروائی لگتی ہے۔
ادریان لوپیز کا مزید کہنا تھا کہ مختلف گروہوں کے درمیان منشیات کی پیداوار، تقسیم اور فروخت کا جھگڑا رہتا ہے اور ایسے واقعات لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے کیے جاتے ہیں۔
چیف پراسیکیوٹر کے مطابق کچھ لاشیں سڑکوں کے کناروں سے بھی مسخ شدہ حالت میں ملی ہیں۔
سکیورٹی امور کے تجزیہ کار ایلی خندرو کا کہنا ہے کہ اس قسم کی کارروائیاں مخالفین کو ڈرانے اور حکام کو پیغام دینے کے لیے کی جاتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میچوکان میں اس قسم کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مقامی میڈیا نے ایک تصویر بھی جاری کی ہے جس میں اورواپین کے ایک پُل سے لٹکی ہوئی لاشیں دکھائی گئی ہیں جن کے ساتھ ایک دھمکی آمیز پیغام بھی چسپاں کیا گیا تھا۔