رسائی کے لنکس

چین کے بعد اٹلی میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ اموات


اٹلی میں وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 79 تک جا پہنچی ہے۔ (فائل فوٹو)
اٹلی میں وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 79 تک جا پہنچی ہے۔ (فائل فوٹو)

چین کے بعد اٹلی دوسرا ایسا ملک بن گیا ہے جہاں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے اب تک 2943 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ اٹلی میں اب تک 79، ایران میں 77، جنوبی کوریا میں 28 اورجاپان میں 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

بدھ کو بھارت میں موجود اٹلی کے 18 شہریوں میں بھی کرونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں 21 اطالوی سیاحوں کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا ہے۔

اٹلی میں وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 79 تک جا پہنچی ہے، جو چین میں ہونے والی ہلاکتوں کے بعد سب سے زیادہ ہیں۔

ادھر چین میں کرونا وائرس کے کیسز میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ تاہم یہ وائرس جنوبی کوریا میں تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں بدھ کو مزید 516 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیشنل ہیلتھ کمیشن آف چائنا کے مطابق منگل کو کرونا وائرس کے 119 نئے کیسز سامنے آئے جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 125 کیسز کم ہیں۔

کمیشن کے مطابق کیسز میں کمی کا رجحان فروری کے وسط سے سامنے آیا ہے۔ تاہم متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد اب بھی 80 ہزار 2 سو 70 ہے۔ منگل کو کرونا وائرس سے 38 افراد ہلاک ہوئے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق جنوبی کوریا میں بدھ کو 516 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ سیکڑوں متاثرین اسپتالوں میں بستر خالی ہونے کے منتظر ہیں۔

نئے کیسز کے بعد جنوبی کوریا میں متاثرہ افراد کی تعداد 5328 ہو گئی ہے جب کہ اب تک 32 افراد اس کا شکار ہو کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

'کوریا سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن' کے مطابق جنوبی کوریا کا چوتھا بڑا شہر ڈائگو سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ یہاں 2 ہزار 300 افراد اسپتالوں اور عارضی طبی سہولیات کے مراکز میں علاج لے لیے بستر کی تلاش میں ہیں۔

XS
SM
MD
LG