رسائی کے لنکس

امریکی بحری بیڑے پر کرونا کیسے پہنچا؟ مزید تحقیقات کا مطالبہ


امریکہ کے قائم مقام سیکرٹری آف نیوی، جیمز میک فرسن نے طیارہ بردار بحری بیڑے تھیوڈور روزویلٹ پر رونما ہونے والے واقعات کےحوالے سے پیدا ہونے والے تشنہ سوالات کی مزید تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ کئی ہفتوں تک اس بیڑے کا عملہ قرنطینہ میں رہنے کے بعد اب واپس لوٹ رہا ہے۔

میک فرسن کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد میرے پاس چند تشنہ سوالات ہیں جن کے جوابات صرف تفصیلی تحقیقات سے حاصل ہونگے۔ یہ پہلا بحری بیڑا تھا جس پر بیچ سمندر کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی وبا پھوٹ پڑی تھی، جس کے بعد اسے لنگر انداز ہونا پڑا تھا۔

اِن تحقیقات کا مرکز روزویلٹ کے کپتان کیپٹن بریٹ کروزیئر ہیں، جنہیں ان کے عہدے سے اس وقت ہٹا دیا گیا تھا جب انہوں نے اپنے اعلیٰ عہدیداران کو ایک ای میل کے ذریعے بیڑے پر کووِڈ 19 کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق، نیول آپریشنز کے سربراہ ایڈمرل مائیک گِل ڈے نے ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے کیپٹن کروزیئر کو ان کے عہدے پر دوبارہ بحال کرنے کی سفارش کی تھی۔

بدھ کے روز میک فرسن نے کہا کہ وہ گل ڈے کو ہدایات جاری کر رہے ہیں کہ ابتدائی تحقیقات کی رپورٹ آنے کے بعد بحریہ اس پر مزید تحقیقات کرے۔

سابق قائم مقام سیکرٹری آف نیوی نے کیپٹن کروزیئر کی برخواستگی کا حکم دیا تھا۔ تاہم بعد میں اُنہیں خود اس وقت اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا جب ان کی ایک آڈیو ٹیپ میڈیا میں سامنے آئی، جس میں اُنہیں کیپٹن کروزیئر کو اناڑی اور احمق کہتے سنا گیا، کیونکہ کپتان نے بحریہ کے کم از کم 20 اعلیٰ عہدیداران کو ای میل بھیجی تھی۔

بدھ کے روز قائم مقام سیکرٹری میک فرسن سے بات کرنے کے بعد ایوانِ نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سربراہ ایڈم اسمتھ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ جہاں مزید تحقیقات قانون کے عین مطابق ہیں، وہاں ان کے نزدیک کیپٹن کروزیئر کو دوبارہ بحال کر دینا چاہیے۔

ایڈم اسمتھ کا کہنا تھا کہ ابھی تک سامنے آنے والی تحقیقات اور جو کچھ ان کی نظر سے گزرا ہے، تو اس کے بعد انہیں کپتان کو ان کی کمان سے ہٹانے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔

بحری بیڑے پر سوار عملے کے کل پانچ ہزار سیلروں میں سے 955 میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

بحریہ کا کہنا ہے کہ ان میں سے 940 میں ابھی تک کرونا وائرس کی علامات پائی جاتی ہیں۔ بیڑے پر واپس آنے کے لیے عملے کے ارکان میں وائرس کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹ کم از کم دو دفعہ منفی آنے چاہئیں۔

بحریہ کے مطابق، ایک دوسرے بحری بیڑے 'یو ایس ایس کِڈ ڈِسٹروئیر' کے عملے کے 330 ارکان میں سے 64 میں بھی کرونا وائرس پایا گیا ہے۔ یہ جہاز بھی اب سین ڈیاگو کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہے۔

XS
SM
MD
LG