رسائی کے لنکس

ہواوے کو امریکی چپس کی فراہمی پر پابندی


ٹرمپ انتظامیہ نے عالمی چپ مارکیٹس سے ہواوے ٹیکنالوجیز کو سامان کی ترسیل پر پابندی لگادی ہے۔ خدشہ ہے کہ اس عمل سے امریکہ اور چین کے تعلقات میں کشیدگی بڑھے گی۔

امریکہ محکمہ تجارت نے کہا ہے کہ وہ برآمدی قواعد میں تبدیلی کر رہا ہے، تاکہ ہواوے کو ان سیمی کنڈکٹرز کی فراہمی سے روکا جائے جن کی تیاری میں امریکی سافٹ وئیر اور ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے۔

چین کے گلوبل ٹائمز کے مطابق چینی حکومت کے ذرائع نے اس خبر پر فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہواوے پر پابندیوں کے جواب میں امریکی کمپنیوں کو ناقابل بھروسہ اداروں کی فہرست میں شامل کرنے کے لیے تیار ہے۔

ان ذرائع کے مطابق امریکی کمپنیوں ایپل، سسکو سسٹمز اور کوال کوم جیسی کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز اور پابندیوں کا نفاذ کیا جا سکتا ہے، جبکہ بوئنگ سے خریداری معطل کی جا سکتی ہے۔

امریکی برآمدی قواعد میں تبدیلی نہ صرف ہواوے کے لیے بڑا دھچکا ہے جو دنیا میں اسمارٹ فون بنانے والی دوسری بڑی کمپنی ہے، بلکہ یہ تائیوان کی سیمی کنڈکٹر بنانے والی کمپنی ٹی ایس ایم سی، ایپل اور کوال کوم کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی ہے۔

ٹی ایس ایم سی ہواوے کو چپس فراہم کرنے والی بڑی کمپنی ہے جبکہ اس نے ایک دن پہلے ہی امریکی ریاست ایریزونا میں 12 ارب ڈالر کی چپ فیکٹری بنانے کا اعلان کیا تھا۔

ٹی ایس ایم سی نے جمعے کو کہا کہ وہ اپنے وکلا سے مشورہ کر رہی ہے، تاکہ ان قواعد کا جامع تجزیہ اور تشریح کی جاسکے۔ اس نے توقع کی ہے کہ کسی موثر تاریخ سے پہلے قانونی جائزہ مکمل کرلیا جائے گا۔

ہواوے کو اپنے اسمارٹ فونز اور ٹیلی کام مصنوعات کے لیے بڑی تعداد میں سیمی کنڈکٹرز کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ کمپنی امریکہ اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی کی دنیا میں تسلط قائم کرنے کی جدوجہد میں مرکز نگاہ بنی ہوئی ہے۔

ہواوے نے نئی خبر پر فوری ردعمل نہیں دیا۔ لیکن اس کے چئیرمین ایرک شو نے 31 مارچ کو کہا تھا کہ اگر ان کی کمپنی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جائے گی تو چینی حکومت ایک طرف بیٹھ کر تماشا نہیں دیکھے گی۔

امریکہ اپنے اتحادیوں کو قائل کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ وہ مستقبل کے فائیو جی نیٹ ورکس سے ہواوے کی مصنوعات کو خارج کردیں کیونکہ انھیں چین جاسوسی کے لیے استعمال کرسکتا ہے۔ ہواوے مسلسل اس دعوے کی تردید کرتی ہے۔

امریکی محکمہ تجارت کا کہنا ہے کہ ایک سال سے امریکی بلیک لسٹ میں ہونے کے باوجود ہواوے اپنے سیمی کنڈکٹر بنانے کے لیے امریکی سافٹ وئیر اور ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے۔

ترمیم شدہ قواعد کے مطابق چپ بنانے والے امریکی آلات کو استعمال کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ ہواوے کو بعض چپس فراہم کرنے سے پہلے امریکی محکمہ تجارت سے لائسنس حاصل کریں۔ اس ترمیم کا ہدف ہواوے کے لیے بنائی جانے والی چپس ہیں۔

XS
SM
MD
LG