یورپ میں پلگ ان ہائبرڈ اور الیکٹرک کاروں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور پچھلے برس کے دوران دس لاکھ سے زائد ایسی کاریں فروخت ہوئی ہیں۔ یہ یورپ میں کل فروخت ہونے والی کاروں کا 10 فیصد ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس فروخت میں اضافہ یورپ میں بجلی سے چلنے والی کاروں کی مانگ میں اضافے کو ظاہر کر رہا ہے۔
ایجنسی کے مطابق پچھلے برس کرونا بحران کے دوران یورپ میں کاروں کی فروخت میں 24 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
یورپین آٹوموبائل مینیوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ڈیٹا کے مطابق پلگ ان ہائبرڈ اور بجلی سے چلنے والی کاروں کی سیل 2019 میں 3 لاکھ 87 ہزار 808 سے بڑھ کر 2020 میں 10 لاکھ 46 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
سیلف چارجنگ ہائبرڈ کاروں کی فروخت پچھلے برس 59 فیصد بڑھ کر 11 لاکھ 82 ہزار ہو گئی، جب کہ ڈیزل اور پیٹرول کی گاڑیوں کی فروخت میں 37 فیصد اور 32 فیصد کم ہوئی۔ پیٹرول سے چلنے والی کاریں اب بھی کل فروخت ہونے والی کاروں کا 48 فیصد ہیں۔ یورپ، خصوصاً فرانس اور جرمنی میں یورپ کے کاربن کے اخراج کے قوانین پر عمل کرتے ہوئے کار بنانے والی کمپنیوں نے حکومتوں کی جانب سے کرونا بحران کے دوران حکومتی رعائتوں سے بھی فائدہ اٹھایا۔