رسائی کے لنکس

عامر خان کا سوشل میڈیا کو بائے بائے، وجہ کیا ہے؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

شوبز سے وابستہ کئی نامور شخصیات مداحوں سے رابطے میں رہنے کے لیے سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں لیکن بالی وڈ اسٹار عامر خان نے ان پلیٹ فارمز کو خیر باد کہہ دیا ہے۔

عامر خان فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر سرگرم تھے لیکن اب انہوں نے ان تینوں پلیٹ فارم سے اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا ہے۔

مداحوں کا ایک وسیع حلقہ عامر خان کو سوشل میڈیا پر فالو کرتا ہے جنہیں یہ کہہ کر عامر نے خیرباد کہا کہ اب ان سے پہلے کی طرح رابطہ ہو گا۔

یعنی اب عامر خان سے حال احوال اور ان کی فلموں سے جڑی خبریں مداحوں کو براہِ راست عامر خان سے پتا نہیں چلیں گی بلکہ ان کی پروڈکشن ٹیم یہ خبریں فراہم کرے گی۔

عامر خان بالی وڈ نگری کو کئی بلاک بسٹر فلمیں دے چکے ہیں۔ ان کے 30 سالہ فلمی کریئر میں راجا ہندوستانی، دنگل، پی کے، تھری ایڈیٹ، گجنی، رنگیلا اور فنا جیسی کامیاب فلمیں ہیں جو مداحوں کو آج بھی اسی طرح بھلی لگتی ہیں جس طرح وہ ریلیز کے وقت پسند کی گئی تھیں۔

یہی وجہ ہے کہ عامر خان کے انسٹاگرام پر 36 لاکھ اور ٹوئٹر پر دو کروڑ 67 لاکھ فالورز تھے جب کہ فیس بک پر انہیں پسند کرنے والوں کی یہ تعداد ایک کروڑ 80 لاکھ تھی۔

عامر خان نے سوشل میڈیا کیوں چھوڑا؟

عامر خان نے اپنی 56 ویں سالگرہ کے ایک روز بعد پیر کو سوشل میڈیا کے تینوں پلیٹ فارمز پر ایک پیغام میں کہا کہ اُن کی یہ آخری پوسٹ ہے۔

اس پوسٹ میں اداکار نے بتایا کہ وہ سوشل میڈیا پر کچھ زیادہ سرگرم نہیں جس کی وجہ سے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اب سوشل میڈیا استعمال نہیں کریں گے۔

عامر خان کے بقول ان کے پروڈکشن ہاؤس 'عامر خان پروڈکشن' نے ایک نیا آفیشل پیج بنایا ہے جس کے ذریعے مداحوں کو ان کی فلموں اور ان سے متعلق معلومات ملتی رہیں گی۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی شوبز شخصیت نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کی ہو۔ اس سے قبل فلم نگری میں اقربا پروری اور آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ کی موت پر ہونے والی بحث کے بعد اداکارہ سوناکشی سنہا اور ہدایت کار ششانک کھیتن نے ٹوئٹر چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG