بھارت کے ٹی وی پروگرام 'بگ باس' میں شرکت سے شہرت پانے والی اداکارہ ثنا خان نے اداکاری چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں جمعرات کو ثنا خان نے لکھا ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت اور اپنے خالق کے حکم کی پیروی کرنا چاہتی ہیں۔ اسی لیے شوبز کو خیر باد کہہ رہی ہیں۔
ثنا خان نے تین زبانوں ہندی، اردو اور انگریزی میں جاری تفصیلی پوسٹ میں اپنے فالوورز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زندگی کے ایک اہم موڑ پر ہیں۔ گزشتہ کئی دن سے وہ اپنے وجود کے اصل مقصد پر غور کر رہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے یہ سوچ رہی تھیں کہ کیا انسان کے اس دنیا میں آنے کا اصل مقصد صرف دولت اور شہرت کا پیچھا کرنا ہے؟ کیا یہ اس کے فرائض کا حصہ نہیں کہ وہ اپنی زندگی ناداروں کی خدمت میں گزارے؟
ان کے مطابق کیا کسی فرد کو یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ وہ کسی بھی وقت مر سکتا ہے؟ اور جب وہ نہیں رہے گا تو اس کا کیا بنے گا؟
ثنا خان نے یہ بھی لکھا ہے کہ وہ طویل عرصے سے ان سوالوں کے جواب تلاش کر رہی تھیں۔ خاص طور پر دوسرا سوال کہ میری موت کے بعد میرا کیا بنے گا؟
وہ کہتی ہیں کہ جب انہوں نے مذہبی اعتبار سے ان سوالات کے جواب تلاش کرنا شروع کیے۔ تو انہیں احساس ہوا کہ دنیا میں زندگی دراصل موت کے بعد کی زندگی کی بہتری کے لیے ہے۔ دولت کمانے اور شہرت حاصل کرنے کے بجائے خالق کے حکم پر عمل کرنا بہتر ہے۔
ثنا خان کا کہنا ہے کہ 'میں شوبز کی زندگی کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ رہی ہوں۔'
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے انسانیت کی خدمت کرنے اور اپنے خالق کے احکامات پر عمل کرنے کا عزم کر لیا ہے۔
ثنا خان نے اپنے فنی کرئیر کا آغاز کمرشلز سے کیا تھا۔ اس شعبے میں انہیں جلد کامیابی سے ہم کنار کیا جس کے بعد وہ تامل فلموں میں اداکاری کرنے لگیں۔
اسی دوران فلم 'ہلا بول' کے ایک گانے 'بلو رانی' سے ان کی شہرت کا آغاز ہوا۔ تاہم انہوں نے ٹی وی پروگرام بھی جاری رکھے۔ انہوں نے بگ باس کے چھٹے سیزن میں شرکت کی اور دوسری نمبر پر آئیں۔
اسی اثنا میں انہیں بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ فلم 'جے ہو' میں بھی کام کرنے کا موقع ملا۔ وہ ویب سیریز 'اسپیشل اوپس' کی کاسٹ میں شامل تھیں۔
ثنا خان ہدایت کار روہت شیٹھی کے ساتھ خطروں کے کھلاڑی سیزن سکس میں بھی کام کر چکی ہیں۔ اس ٹی وی پروگرام میں انہوں نے بہت سے اسٹنٹس خود کیے۔
جھلک دکھلا جا سیزن سیون، کامیڈی نائٹس بچاؤ، کامیڈی نائٹس لائیو اور انٹرٹینمنٹ کی رات ثنا خان کے مشہور اور کامیاب ٹی وی شوز ہیں۔
ثنا نے لاک ڈاؤن کے دوران مذہب کا گہرائی سے مطالعہ کیا اور اپنے فولورز کو قرآن کی تعلیمات سے بھی آگاہ کیا۔
مبصرین کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران ہی ان کے خیالات میں تبدیلی آنا شروع ہوئی جس کے بعد انہوں نے انسٹاگرام سے بھی اپنی تمام گلیمرس تصاویر ڈیلیٹ کر دی ہیں۔
ثنا خان سے قبل عامر خان کی میگا ہٹ فلم 'دنگل' سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے بھی بہت جلد فلمی دنیا کو خیر باد کہہ دیا تھا۔
زائرہ وسیم نے اپنے مختصر فلمی کیریئر کے دوران فلم فیئر اور نیشنل ایوارڈز سمیت کئی اہم اعزاز اپنے نام کیے تھے۔
وہ بھی مذہب کی طرف مائل ہو کر فلم انڈسٹری کو خیرباد کہہ گئی تھیں۔