بیشتر خواتین کو اپنے بالوں سے اس قدر محبت ہوتی ہے کہ وہ اسے کٹوانے کا سوچ بھی نہیں سکتیں لیکن عالمی ریکارڈ یافتہ بھارتی لڑکی نے اپنے طویل ترین بال کٹوا کر سب کو حیران کر دیا ہے۔
بھارت کی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ نیلانشی پٹیل عالمی سطح پر لمبے بال رکھنے کا تین مرتبہ ریکارڈ بنا چکی ہیں لیکن حال ہی میں انہوں نے 12 برس بعد اپنے چھ فٹ اور چھ اعشاریہ سات انچ لمبے بال کٹوا دیے ہیں۔
نیلانشی پٹیل نے سب سے پہلے 21 نومبر 2018 میں 'سب سے لمبے بال رکھنے والی ٹین ایجر' کا ٹائٹل اپنے نام کر کے 'گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ' میں اپنا نام درج کرایا تھا۔ اس وقت ان کے بالوں کی لمبائی پانچ فٹ سات انچ تھی۔
بعدازاں انہوں نے 22 ستمبر 2019 میں سب سے لمبے بال رکھنے والی ٹین ایجر کا اپنا ہی بنایا ہوا ریکارڈ توڑا تھا۔ اُس وقت ان کے بالوں کی لمبائی چھ فٹ اور دو اعشاریہ آٹھ انچ تھی۔
گزشتہ برس نیلانشی پٹیل کے بالوں کی لمبائی چھ فٹ اور چھ اعشاریہ سات انچ تک جا پہنچے تھے جس کے بعد انہوں نے 29 جولائی کو تیسری بار سب سے لمبے بال رکھنے والی ٹین ایجر کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
'گنیز ورلڈ ریکارڈ' نے بدھ کو ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں نیلانشی پٹیل کے لمبے بال کاٹتے ہوئے دکھائے گئے ہیں۔
نیلانشی اس ویڈیو میں کہتی ہیں "میرے بالوں نے مجھے بہت کچھ دیا اور انہی کی وجہ سے مجھے دنیا کی حقیقی رپنزل کے نام سے جانا جاتا ہے۔"
'رپنزل' دراصل ایک افسانوی کردار ہے جسے اینی میٹڈ فلمیں بنانے والی معروف امریکی کمپنی والٹ ڈزنی اینی میشن اسٹوڈیوز کی 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم 'ٹینگلڈ' میں پیش کیا گیا تھا۔ رپنزل کا کردار اس کے لمبے اور گھنے بالوں کی وجہ سے مشہور ہے۔
لمبے بال رکھنے والی عالمی ریکارڈ یافتہ نیلانشی کے بقول 12 برس بعد انہوں نے اپنے بال کٹوائے ہیں۔
اپنے لمبے بالوں کا ذکر کرتے ہوئے نیلانشی کہتی ہیں چھ برس کی عمر میں ایک ہیئر ڈریسر کے پاس جانے کے خراب تجربے کے بعد سے انہوں نے اپنے بال نہ کٹوانے کا فیصلہ کیا تھا۔
نیلانشی نے کہا کہ "بال کٹوانے کے بعد میرے پاس 3 آپشنز تھے۔ ایک یہ کہ میں اپنے بالوں کو نیلام کروں، دوسرا انہیں کینسر کے مریضوں کے لیے عطیہ کردوں جب یا اپنے غیر معمولی بال میوزم میں رکھوا دوں۔"
نیلانشی نے بتایا کہ انہوں نے مذکورہ تینوں آپشنز سے متعلق والدہ سے بات کی اور انہوں نے مشورہ دیا کہ "تمہارے بال دوسروں کو متاثر کرنے کے لیے بنے ہیں تو انہیں میوزیم میں رکھنا چاہیے۔"
ان کے بقول، "مجھے فخر ہے کہ میں اپنے بال امریکہ کے میوزیم میں بھیج رہی ہوں اور لوگ اب وہاں میرے بال دیکھ کر متاثر ہوں گے۔"
اب نیلانشی پٹیل کے بال امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے مشہور میوزیم 'رپلیز بلیو اِٹ اور ناٹ' ہالی وڈ میں رکھے جائیں گے۔
اس میوزیم میں دلچسپ اور عجیب چیزوں کی نمائش کی جاتی ہے اور دنیا بھر سے آنے والے سیاح ان چیزوں کو دیکھ کر محظوظ ہوتے ہیں۔