رسائی کے لنکس

ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت کے لیے امریکی مشیر سیلوان اسرائیل جائیں گے


امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سیلوان، فائل فوٹو
امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سیلوان، فائل فوٹو

بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے پیر کے روز بتایا کہ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان، اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے ساتھ ایران کے جوہری پروگرام پر تفصیلی بات چیت کے لیے اس ہفتے اسرائیل کا دورہ کریں گے۔

عہدے دار کا یہ بھی کہنا تھا کہ سلیوان اپنے اس دورے میں، جس میں قومی سلامتی کونسل کے مشرق وسطیٰ کے ڈائریکٹر بریٹ میک گرک اور دیگر امریکی حکام بھی شامل ہیں، مغربی کنارے کے شہر رملہ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کریں گے، تاکہ فلسطینیوں کے ساتھ امریکی تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

لیکن امکان یہ ہے کہ اس دورے میں بات چیت کے دوران ایران کی طرف سے امکانی خطرے کا موضوع غالب رہے گا کیونکہ ویانا میں ایران کے جوہری پروگرام پر ایران اور عالمی طاقتوں کے وفود کے درمیان ہونے والی بات چیت سست روی کا شکار رہی ہے۔ ان مذاکرات کا مقصد 2015 کے ایران جوہری معاہدے کو بحال کرنا ہے۔

بائیڈن انتظامیہ کے ایک عہدے دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی اور اسرائیلی حکام اس بارے میں بھی بات چیت کریں گے کہ وہ آنے والے ہفتوں میں ایران کے ساتھ بات چیت کو کس انداز میں آگے بڑھتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔

عہدے دار کا کہنا تھا کہ "ہم اس بارے میں بات کریں گے کہ ایران کے جوہری پروگرام کی صورتحال کیا ہے اور اس بارے میں بعض نظام الاوقات کو ہم کس طرح دیکھ رہے ہیں"۔

عہدے دار کا یہ بھی کہنا تھا کہ "یہ ایک اچھا موقع ہو گا کہ آپ آمنے سامنے بیٹھیں اور ایران مذاکرات کی صورت حال پر بات کریں۔ اس سلسلے میں کام کرنے کے لیے ہمارے پاس جتنا وقت رہ گیا ہے، اس کے متعلق ہم یہ بات زور دے کر کہیں گے کہ اب ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں ہے"۔

ایک سینئر امریکی عہدے دار نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ امریکہ کا خیال ہے کہ ایک جوہری ہتھیار کے لیے کافی حد تک افزودہ یورینیم تیار کرنے کے لیے ایران کو جتنا وقت درکار تھا، اس میں سے اب بہت کم وقت باقی بچا ہے، جو ایک تشویشناک بات ہے۔

ایران نے جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کی تردید کی ہے۔

بائیڈن انتظامیہ کے عہدے دار نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے درمیان اس بارے میں مکمل اتفاق پایا جاتا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔

ویانا میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان مذاکرات آئندہ ہفتے تک کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

کیا ایران جوہری معاہدے پر سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:37 0:00

اسرائیل کے دورے میں عہدے داروں کے ساتھ اپنی بات چیت میں، سلیوان، اسرائیل کے تحفظ کے لیے امریکی عزم کا اعادہ کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ رملہ میں، امریکی سلامتی کے مشیر سلیوان، فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ امریکہ اور فلسطینیوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور فلسطینیوں اور اسرائیل کے لیے امن و سلامتی کو آگے بڑھانے کی جاری کوششوں پر بھی بات کریں گے۔

(خبر کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG