اقوام متحدہ کی جوہری ہتھیاروں کے منتظم ادارے، انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے جمعرات کے روز خبردار کیا ہے کہ ایران اپنا یورینیم کا ذخیرہ بڑھا رہا ہے اور اس کا ذخیرہ 2015 کے جوہری معاہدے میں درج پابندیوں سے بڑھ چکا ہے۔
ایجنسی کے مطابق ایران جوہری ہتھیار بنانے کے بہت قریب پہنچ چکا ہے۔
رکن ممالک کو ایجنسی کی طرف سے بھیجے گئے چار ماہانہ خفیہ مراسلوں کے مطابق، جس رپورٹ کو ایسوسی ایٹڈ پریس نے جاری کیا ہے، ایران کے پاس اس وقت 33.2 کلوگرام یورینیم موجود ہے جو 60 فیصد تک افزودہ ہے۔ نومبر سے لے کر اب تک اس ذخیرے میں 15.5 کلوگرام کا اضافہ ہوا ہے۔
اس طرح کی اعلیٰ سطح پر افزودہ یورینیم سے بہت آسانی سے جوہری ہتھیار بنایا جا سکتا ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 33.2 کلوگرام یورینیم کی مدد سے ایران ہتھیاروں کے لیے موزوں یورینیم کے بہت قریب ہے جس سے ہتھیار بنایا جا سکتا ہے۔
آئی اے ای اے کی رپورٹ کے مطابق فروری کی 19 تاریخ تک ایران کی تمام افزودہ یورینیم کا ذخیرہ 3.2 ٹن تک پہنچ گیا ہے۔ یہ پہلے کے مقابلے میں 707.4 کلوگرام زیادہ ہے۔
یہ رپورٹ ایسے موقع پر آئی ہے جب ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں شامل ممالک کے سفرا ایران کے ساتھ اس معاہدے کی بحالی کے لیے پچھلے برس نومبر سے ویانا میں مذاکرات کر رہے ہیں۔
بین الاقوامی اٹامک انرجی ایجنسی نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا کہ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی ویانا میں ایران کے اعلیٰ سطحی حکام سے ملاقات کریں گے۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے عائد پابندیوں کی وجہ سے یورینیم کےنئے اعداد و شمار کی مکمل طور پر تصدیق نہیں کی جا سکتی، جبکہ مذاکرات کاروں کے لیے وقت نکلتا جا رہا ہے۔
(اس خبر کا کچھ مواد اے پی،اےایف پی اور رائیٹرز سے لیا گیا ہے)