الیکشن کمیشن بتائے، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کب سنایا جائے گا: سعد رفیق
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ تحریکِ انصاف فارن فنڈنگ کیس کا فوری فیصلہ سنایا جائے۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم نے مشکل ترین حالات میں الیکشن لڑا۔
اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے عمران خان حکومت کی بدترین کارکردگی کا بوجھ اُٹھا کر مشکل فیصلے کیے جس کا نقصان ضمنی الیکشن میں ہوا۔
خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ وہ دو دن لاہور میں رہیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ آپ دو نہیں بلکہ پورا ہفتہ ہی لاہور میں رہیں۔ ہم سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
آئی جی پنجاب تبدیل، راؤ شاہکار نئے آئی جی پنجاب تعینات
وفاقی حکومت نے آئی جی پنجاب راؤ سردار کو تبدیل کر کے راؤ شاہکار کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کر دیا ہے۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار نے چند روز قبل پنجاب حکومت کو لکھے گئے ایک خط میں اپنی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی درخواست کی تھی۔
وفاقی حکومت نے آئی جی پنجاب کو آئی جی جیل خانہ جات بنا دیا ہے۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب کا انتخاب: اسمبلی اجلاس سے قبل کی صورتِ حال
لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا
لاہور ہائی کورٹ نے تحریکِ انصاف کے ارکین سبطین خان اور زینب عمر کی درخواست پر پولیس کو پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔
عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ اگر ریٹرننگ آفیسر پولیس کو طلب کریں گے تو اسی صورت میں پولیس ایوان کے اندر جا سکتی ہے۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت میں موؐقف اختیار کیا کہ 16 اپریل کو وزارتِ اعلٰی کے انتخاب کے دوران ہنگامہ آرائی ہوئی تھی اور ڈپٹی اسپیکر کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
لیکن عدالت نے پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ پولیس ایوان کے اندر داخل نہیں ہو گی اور باہر ہی اپنے فرائض سرانجام دے گی۔