رسائی کے لنکس

وزیرِ اعلٰی پنجاب کا انتخاب: پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت پیر تک ملتوی

جمعے کو پنجاب اسمبلی میں وزارتِ اعلٰی کے انتخاب کے دوران ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے مسلم لیگ (ق) کے ووٹ مسترد کر دیے تھے جس کے بعد اب یہ معاملہ سپریم کورٹ میں پہنچ گیا ہے۔

13:46 23.7.2022

مسلم لیگ (ن) سپریم کورٹ کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے: فواد چوہدری کا الزام

تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نےالزام لگایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سپریم کورٹ آف پاکستان کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے۔

ہفتے کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں تحریکِ انصاف کو اکثریت کے باوجود اقتدار سے محروم رکھا گیا ہے۔ اسی طرح قومی اسمبلی میں 84 نشستیں رکھنے والی مسلم لیگ (ن) کے وزیرِ اعظم ہیں جب کہ 155 اراکین رکھنے والی تحریکِ انصاف کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا گیا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ طاقت ور قوتیں پاکستان کے ساتھ کھلواڑ بند کر دیں، ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے۔

14:11 23.7.2022

ہم سری لنکا جیسی صورتِ حال سے زیادہ دُور نہیں ہیں: عمران خان

تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے محض تین ماہ کے اندر ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم سری لنکا جیسی صورتِ حال سے زیادہ دُور نہیں ہیں جب عوام کا سمندر سڑکوں پر اُمڈ آئے گا۔

سربراہ تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ زرداری اور شریف خاندان 30 سال سے پاکستان پر قابض، ادارے کب تک اس کی اجازت دیتے رہیں گے؟

15:37 23.7.2022

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں رش کے باعث چیف جسٹس کا ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کا اعلان

سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیرِ اعلٰی پنجاب کے انتخاب پر پرویز الہٰی کی درخواست پر ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کا اعلان کر دیا ہے۔

ہفتے کو سماعت وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی تو کمرۂ عدالت میں رش کی وجہ سے دھکم پیل ہوئی اور کمرہ عدالت کے دروازے کے شیشے ٹو ٹ گئے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ متعلقہ افراد ہی سماعت میں آئیں اور اس کے لیے اُنہوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سماعت کا فیصلہ کیا۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رُکنی بینچ اس درخواست پر سماعت کر رہا ہے جس میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔

16:00 23.7.2022

سیاسی صورتِ حال کے پیشِ نظر اسٹیبلشمنٹ نے 'نرم مداخلت' کا فیصلہ کیا ہے: صحافی انصار عباسی کا دعویٰ

پاکستان کے سینئر صحافی انصار عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں جاری سیاسی بحران کے پیشِ نظر اسٹیبلشمنٹ حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی میز پر لا رہی ہے۔

اپنے وی لاگ میں انصار عباسی نے دعویٰ کیا کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانب داری کے ساتھ نرم مداخلت کرے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی صورتِ حال اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کے پیشِ نظر اسٹیبلشمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مداخلت کریں گے اور سیاسی جماعتوں کو آئندہ انتخابات، معیشت کے معاملات سمیت دیگر اُمور پر مذاکرات کی میز پر بٹھائیں گے۔

انصار عباسی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں نئے انتخابات اکتوبر میں ہو سکتے ہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG